دہلی کے عوام کورونا، آلودگی اور دھویں کی چادر سے بے حال

دہلی آلودگی کنٹرول بورڈ (ڈی پی سی سی) کے مطابق آج صبح آر کے پورم میں فضائی معیار انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح 451 رہی۔ لودھی روڈ پر یہ 394، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 440 اور دوارکا میں 456 تھی۔

دہلی کے عوام کورونا، آلودگی اور دھویں کی چادر سے بے حال
دہلی کے عوام کورونا، آلودگی اور دھویں کی چادر سے بے حال
user

یو این آئی

نئی دہلی: دارالحکومت کے لوگ کورونا وائرس کے ہر روز ریکارڈ توڑ نئے معاملوں اور آب و ہوا میں آلودگی کے زہر کی وجہ سے پہلے ہی کافی دقتوں کا سامنا کر رہے تھے، اب آسمان میں دھویں جیسی چادر نے اور بے حال کر دیا ہے۔ بدھ کو دوپہر بعد سے آسمان کو دھویں کی شدید چادر چھائی رہی جس سے حد بصارت پر بھی اثر پڑا۔ جمعرات کی صبح بھی یہی حال نظرآیا۔

دہلی کی ہوا آج ’بے حد خراب‘ سے ’شدید خراب‘ زمرے میں رہی ہے۔ کل صبح دہلی میں ہوا کے معیار میں جزوی بہتری سے کچھ راحت ملی تھی لیکن چند گھنٹوں میں ہی یہ غائب ہوگئی اور ہوا پہلے سے بھی زیادہ آلودہ ہوگئی۔ دہلی آلودگی کنٹرول بورڈ (ڈی پی سی سی) کے مطابق آج صبح آر کے پورم میں فضائی معیار انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح 451 رہی۔ لودھی روڈ پر یہ 394، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 440 اور دوارکا میں 456 تھی۔


معیاروں کے مطابق صفر سے 50 کے درمیان اے کیوآئی کو ’اچھا‘،51 سے 100 کے درمیان ’اطمینان بخش‘،101سے 200 کے دوران ’درمیانے‘،201 سے 300 کے دوران ’خراب‘،301 سے 400 کے درمیان ’بے حد خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان ’شدید‘ مانا جاتا ہے۔

ادھر دہلی حکومت نے مانا ہے کہ دارالحکومت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر چل رہی ہے۔ تہواروں کی وجہ سے بازار میں بھیڑ ہے، حکومت کی بار بار اپیل، ماسک پہننے اور کورونا کے دیگر پروٹوکول پر عمل نہ کرنے پر چالان کاٹے جانے کے باوجود لوگوں کی لاپرواہی جاری ہے۔


بدھ کے اعدادو شمار میں دہلی میں 6842 نئے معاملوں کے ساتھ کل متاثرین کی تعداد چار لاکھ نو ہزار 938 پر پہنچ گیا ہے۔ اس وبا سے ابھی تک 6703 لوگوں کی جان جا چکی ہے اور 37,369 فعال معاملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔