ملک میں تلہن کا بفر اسٹاک بنانے کی ضرورت

سنجیو کمار چڈھا نے کہا کہ خوردنی تیل کی ملک میں جتنی مانگ ہے اس تناسب سے اس کی پیدا وار نہیں ہے، جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں اس کی درآمدات کی جاتی ہے، جس پر کافی مقدار میں غیر ملکی کرنسی خرچ ہوتی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

نئی دہلی: نیشنل ایگریکلچر کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا ( این اے ایف ای ڈی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر سنجیو کمار چڈھا نے بازار کے اتار چڑھاؤ کے جوکھم کو کم کرنے کے لئے اور مساوی دستیابی برقرار رکھنے کے لئے تلہن کا بفر اسٹاک بنانے کی تجویز پیش کی۔

چڈھا نے اتوار کے روز آل انڈیا آئل سیڈ ٹریڈ اینڈ انڈسٹری سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو دلہن کی طرح تلہن کا بفر اسٹاک بنانے پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی ملک میں جتنی مانگ ہے اس تناسب سے اس کی پیدا وار نہیں ہے، جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں اس کی درآمدات کی جاتی ہے، جس پر کافی مقدار میں غیر ملکی کرنسی خرچ ہوتی ہے۔


چڈھا نے کہا کہ حکومت تلہن کی پیداوار بڑھانا چاہتی ہے اور اس بار سرسوں کے شعبے میں بھی اضافہ ہوا ہے اور کسانوں کو اچھی قیمتیں وصول ہو رہی ہیں، جس سے آئندہ بھی اس کی پیداوار میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔ حکومت نے سنہ 2016-17 میں دلہن کا 20 لاکھ ٹن کا بفر اسٹاک بنایا تھا۔ ملک میں اس بار 85 لاکھ ٹن سرسوں کی پیداوار کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گزشتہ سال سے ہی سرسوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے لئے ایک نیا تلہن مشن بھی لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلہن کی پیداوار میں خود انحصار ہونے سے کثیر تعداد میں زرمبادلہ کی بچت ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اچھی قیمت وصول ہو تو اس کی پیداوار میں اضافہ ہونا طے ہے۔


سنجیو کمار چڈھا نے کہا کہ کسان اور صنعتیں مل کر کام کریں تو تلہن کے معاملے میں بھی ملک خود انحصار ہوسکتا ہے۔ بہترین پیداوار کے لئے کسانوں کو معیاری بیج مہیا کرائے جا رہے ہیں۔ چڈھا نے کہا کہ حکومت رائس برانڈ آئل کو فروغ دے رہی ہے۔ اسے صحت کے لحاظ سے بہتر تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔ نیفیڈ کی جانب سے رائس برانڈ آئل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

سنجیو کمار چڈھا نے کہا کہ پام کے شعبے میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے اسے بڑے پیمانے پر درآمد کیا جا رہا ہے۔ نیفید نے گزشتہ تین چار برسوں کے دوران ریکارڈ مقدار میں سرسوں کی خریداری کی ہے۔ اس دوران ایک کروڑ ٹن سرسوں کی خریداری کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔