ہندوستانی زبانوں کے تحفظ کے لئے عوامی تحریک کی ضرورت: وینکیا نائیڈو

نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہر ایک فرد کا فرض ہے کہ وہ اپنی مادری زبان کا تحفظ کریں اور اسے فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو دوسری زبانوں اور ثقافتوں کا بھی احترام کرنا چاہیے۔

نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، تصویر یو این آئی
نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستانی زبانوں کے تحفظ اور استحکام کے لئے عوامی تحریک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ثقافتوں، روایتوں اور رواجوں کو اگلی نسل تک پہنچانے کا یہ بہت طاقتور ذریعہ ہے۔ وینکیا نائیڈو نے چھٹے سالانہ 'راشٹریہ تیلگو سماکھیا' کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زبانوں کے تحفظ کے لئے ایک عوامی تحریک کی ضرورت ہے کیونکہ زبان روایات کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لئے حکومت کی کوششوں کے بطور تکملہ کام کرتی ہے۔

نسلوں اور جغرافیہ میں لوگوں کو متحد کرنے کے لئے زبان کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ زبانوں، ثقافتوں اور روایات کو محفوظ بنانے، ان کو تقویت دینے اور رواج دینے کے لئے ٹھوس کوشش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک فرد کا فرض ہے کہ وہ اپنی مادری زبان کا تحفظ کریں اور اسے فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو دوسری زبانوں اور ثقافتوں کا بھی احترام کرنا چاہیے۔

وینکیا نائیڈو نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت، مادری زبان میں بنیادی تعلیم کی ضرورت کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اعلی ترین آئینی عہدوں پر فائز افراد کی ابتدائی تعلیم جن میں صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم اور دیگر شامل ہیں ان کی مادری زبان میں ہی ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔