موسیٰ والا قتل معاملہ کے ماسٹر مائنڈ کا سامنے آیا نام، 5 شوٹرس کی شناخت

شناخت کیے گئے شوٹرس کے حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کئی ریاستوں میں پولیس کی ٹیمیں ہیں اور ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔

سدھو موسیٰ والا (دائیں)، لارنس بشنوئی (بائیں)
سدھو موسیٰ والا (دائیں)، لارنس بشنوئی (بائیں)
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے گلوکار سدھو موسیٰ والا قتل معاملہ کی گتھی اب سلجھتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہے۔ دہلی پولیس نے آج اس قتل معاملے میں کئی بڑے انکشافات کیے ہیں۔ دہلی پولیس اسپیشل سی پی، ایچ جی ایس دھاریوال نے بتایا کہ موسیٰ والا کا قتل کرنے والے پانچ لوگوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ قتل پوری طرح سے منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، اور اس پورے حملے کا ماسٹر مائنڈ لارنس بشنوئی ہے۔

شناخت کیے گئے شوٹرس کے حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کئی ریاستوں میں پولیس کی ٹیمیں ہیں اور ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ مہاکال کے قریبی شوٹر نے موسیٰ والا کو مارا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سدھیش ہیرا مل عرف مہاکال کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کو دھمکی آمیز خط لکھے جانے میں اس کا ہاتھ ہے۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ مہاکال کی گرفتاری مہاراشٹر میں ہوئی ہے اور مہاراشٹر پولیس کو مہاکال کی 14 دن کی حراست میں رکھا گیا ہے۔ وہ ایک شوٹر کا قریبی معاون ہے، لیکن وہ موسیٰ والا کے قتل میں شامل نہیں ہے۔


دہلی پولیس کے اسپیشل سی پی نے بتایا کہ موسیٰ والا قتل معاملہ میں جن بھی ملزمین کے نام سامنے آئے ہیں، ان میں سے ایک گلوکار کا بہت قریبی بتایا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق وہ پہلے ساتھ میں گولی بھی چلایا کرتے تھے، ایسے میں دونوں ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے۔ دہلی پولیس کو امید ہے کہ مہاکال کی گرفتاری کے بعد کئی راز پر سے پردہ اٹھ سکتا ہے۔ لارنس بشنوئی بھی پوچھ تاچھ کے دوران جو باتیں بتا رہا ہے، اس کے مطابق بھی اس کیس کی جانچ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */