نصراللہ گنج کا نام بھوپال کے نواب خاندان سے منقطع! شیوراج حکومت نے ’بھیروندا‘ میں کیا تبدیل

اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ سے منظوری حاصل ہونے کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کر دیا کہ اب نصراللہ گنج کا نام بھیروندا کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

بھوپال: بی جے پی حکومتوں کا مختلف شہروں اور یادگاروں کے قدیمی نام تبدیل کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اسی ضمن میں اب مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت نے تاریخی حیثیت کے حامل نصراللہ گنج کا نام ’ریاست بھوپال‘ کے نواب خاندان سے جدا کر دیا ہے۔ حکومتی احکامات کے مطابق اب اسے بھیروندا کے نام سے پہچانا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھیروندا سیہور ضلع کے بودھنی اسمبلی حلقہ میں آتا ہے اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان یہیں سے رکن اسمبلی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ سے منظوری حاصل ہونے کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کر دیا کہ اب نصراللہ گنج کا نام بھیروندا کر دیا گیا ہے۔


وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے گزشتہ دنوں نام کی تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ نصراللہ گنج کسی زمانے میں بھوپال کی شاہی ریاست کا حصہ تھا اور نواب خاندان کے ایک فرد کا نام نصراللہ خان تھا۔ بھوپال کی بیگم سلطان کے دو بیٹے تھے اور انہوں نے جو علاقہ بطور جاگیر بڑے بیٹے نصراللہ خان کو دیا تھا اسی کا نام نصراللہ گنج تھا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ریاستی حکومت نے ہوشنگ آباد کا نام بدل کر نرمداپورم کر دیا تھا جبکہ بھوپال میں واقع اسلام نگر کا نام بدل کر جگدیش پور کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔