کورونا سے جنگ کے لیے میڈیکل سیکٹر میں سب سے زیادہ کام کی ضرورت: ڈاکٹر احمد البناء

متحدہ عرب امارت کے ہندوستان میں سفیر ڈاکٹر احمد البناء نے نپنی گروپ آف انسٹی ٹیوشن گوہاٹی آسام کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ اس بیماری نے دنیا کے کام کے طور طریقے کو بدل دیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: عالمی وبا کووڈ۔19 کے قہر کے دوران جس طرح جانی نقصان ہوا، وہ ناقابل فہم ہے، یہ وبا ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس بیماری سے موثر طور پر لڑنے کے لئے میڈیکل سیکٹر میں سب سے زیادہ کام کیے جانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات متحدہ عرب امارت کے ہندوستان میں سفیر ڈاکٹر احمد البناء نے نپنی گروپ آف انسٹی ٹیوشن گوہاٹی آسام کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ڈاکٹر احمد نے کہا کہ اس بیماری نے دنیا کے کام کے طور طریقے کو بدل دیا ہے۔ لوگوں کے انداز اور رہن سہن بدل گئے ہیں۔ یہ تبدیلی سب سے زیادہ صحت سے متعلق ہے، اس لئے وقت کا تقاضہ ہے کہ میڈیکل سیکٹر میں زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے تاکہ اس بیماری سے موثر طور پر لڑا جاسکے۔


واضح رہے کہ نپنی گروپ آف انسٹی ٹیوشن گوہاٹی (آسام) کے چیئر مین ڈاکٹر بابل علی نے یو اے ای کے سفیر سے ایمبیسی میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق جوائنٹ رجسٹرار اور نپنی گروپ کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر عبدالمالک نے نپنی گروپ آف میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا تعارف پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ادارہ نئی بلڈنگ اور ہاسپٹل بنانا چاہتا ہے اور اس نئے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے آپ کو (سفیر) زحمت دینے کی گزارش کرتا ہوں۔ اس دوران ڈاکٹر بابل علی نے سفیر کے گوہاٹی آسام آنے کی دعوت دی۔ سفیر نے اس پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اپنے سکریٹریٹ کو تمام ہدایت جاری کیں۔ یہ ملاقات انڈو مڈل ایسٹ کلچرل فورم کے ذریعے ہوئی۔


ملاقات کے دوران نپنی گروپ کے وفد نے سفیر محترم کو آسامی کلچرل کی مناسبت سے ان کا اعزاز کرتے ہوئے آسامی گمچہا پہنایا، جاپی کیپ پہنائی اور آسام کی مشہور چائے پیش کی۔ ملاقات کے دوران وفد کا تعارف سینئر صحافی اور انڈو مڈل ایسٹ کلچرل فورم کے جنرل سکریٹری انظر الباری نے کرایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔