ملک کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم ہوا سہانا، 20 سے زائد ریاستوں میں آندھی-طوفان اور بارش کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی 20 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آندھی-طوفان، گرج کے ساتھ بجلی گرنے اور بارش کو لے کر آرینج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ملک میں موسم کا مزاج تیزی سے بدل رہا ہے۔ ہفتہ کو راجستھان اور مدھیہ پردیش کو چھوڑ کر جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مغربی ہمالیائی علاقوں سمیت ملک کے زیادہ تر حصوں میں آندھی-طوفان کے ساتھ بارش ہوئی اور اولے پڑے۔ شمال مشرقی ہند کی پہاڑی ریاستوں میں اونچائی والے علاقوں میں برفباری بھی ہوئی۔ موسم میں آئے اس بدلاؤ سے ٹریفک سے متعلق کچھ مشکلات تو سامنے آئیں لیکن ٹھنڈی ہواؤں نے شدید اور اُمس بھری گرمی سے بڑی راحت دے دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی اتراکھنڈ سمیت 20 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آندھی-طوفان، گرج کے ساتھ بجلی گرنے اور کہیں ہلکی تو کہیں بھاری بارش کو لے کر آرینج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے۔


محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کو ریڈ الرٹ کے درمیان جموں و کشمیر اور لداخ میں موسلادھار بارش ہوئی۔ کچھ جگہوں پر برفباری بھی دیکھنے کو ملی۔ وادی کشمیر کے گُریج میں شدید بارش کی وجہ سے 8ویں تک کے اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔ ہماچل پردیش، اترا کھنڈ، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے گنگا کے ساحلی علاقوں میں آرینج الرٹ کے درمیان تیز ہوائیں چلیں اور الگ الگ مقامات پر ژالہ باری اور گرج کے ساتھ بھاری بارش درج کی گئی۔ اس کے علاوہ کونکن اور گوا اور مہاراشٹر کے مراٹھ واڑہ علاقے کو چھوڑ کر ملک کے چھتیس گڑھ سے لے کر کرناٹک اور کیرالہ اور شمال مشرق کی سبھی ساتوں ریاستوں میں بارش درج کی گئی۔

شمال مغربی ہمالیائی علاقے میں فعال ویسٹرن ڈسٹربنس اور شمال-مغربی جھارکھنڈ اور شمالی بنگلہ دیش اور آس پاس کے علاقوں پر اوپری اور نچلے ٹروپوسفیئر سطح پر چکرواتی گردش بنی ہوئی ہے۔ جنوبی ہریانہ اور آس پاس کے علاقوں سے شمالی بنگلہ دیش کی طرف ایک ٹرف لائن بھی بنی ہوئی ہے۔ ان موسمیاتی نظام کے اثر سے جموں کمیشر سے لے کر کیرالہ اور شمال مشرق کی سبھی ساتوں ریاستوں کے ساتھ 20 ریاستوں میں اتوار کو آندھی طوفان، بارش اور بجلی گرنے و ژالہ باری کا امکان ہے۔


واضح رہے کہ پنجاب کے کیتھل سمیت مختلف ضلعوں میں جمعہ کی رات آندھی اور بارش کی وجہ سے سینکڑوں پیڑ گر گئے اور 130 بجلی کے کھمبے اُکھڑ گئے اور گیہوں کی فصل کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر رہی۔ کیتھل سے پٹیالہ، سرٹا روڈ، کرنال روڈ اور سونگل سے ہرسولا دیہی راستے پر کئی مقامات پر پیڑ بھی گرے جس سے آمد ورفت میں رخنہ پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔