محکمہ موسمیات نے آئندہ 7 دنوں تک دہلی اور یوپی سمیت شمالی و مغربی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی
آئی ایم ڈی نے آئندہ 7 دنوں تک جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، پنجاب اور مشرقی راجستھان میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔
پورے ملک میں ہو رہی بارش کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں۔ اسی درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئندہ 7 دنوں تک جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، پنجاب اور مشرقی راجستھان میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ مشرقی اترپردیش میں یکم اور 2 ستمبر، مغربی اترپردیش میں 31 اگست سے 2 ستمبر اور مغربی راجستھان میں 30 اگست سے یکم ستمبر کو مختلف مقامات پر شدید بارش ہونے کی امید ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں شدید بارش سے صورت حال ایک بار پھر تشویشناک ہو سکتی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق ہماچل پردیش میں 30 اور 31 اگست، جبکہ اتراکھنڈ میں 30 اگست سے یکم ستمبر تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ جموں اور پنجاب میں 30 اگست، مشرقی راجستھان میں 31 اگست کو اور اترپردیش میں یکم ستمبر کو شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب اگر مغربی ہندوستان کی ریاستوں کی بات کریں تو مہاراشٹر، گوا، گجرات اور کونکن میں آئندہ 7 دنوں تک، کچھ اور سوراشٹر میں 30 اگست، جبکہ 4 اور 5 ستمبر کو کئی دیگر مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کونکن، وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں میں 30 اگست کو شدید بارش ہوگی۔ گجرات میں 30 اگست اور 3 سے 5 ستمبر کے درمیان شدید سے شدید تر بارش ہونے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
مشرقی اور وسطی ہندوستان کی ریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں آئندہ 7 دنوں تک، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم اور ودربھ میں 31-30 اگست، جھارکھنڈ میں 2 ستمبر اور اوڈیشہ میں 31 اگست سے 3 ستمبر تک مختلف مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ہفتہ کو بارش کے موافق ہوا چلنے اور نمی میں اضافہ کے سبب پیر کی صبح تک مغربی بنگال کے ذیلی ہمالیائی اضلاع میں شدید بارش ہوگی۔ جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں آئندہ کچھ دنوں میں ہلکی سے درمیان بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 5 ستمبر تک کچھ مقامات پر گرج اور بجلی کے ساتھ ہلکی سی درمیانی بارش ہوگی۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ بارش کے موافق ہوا چلنے اور خلیج بنگال میں نمی کے اضافے کے سبب جلپائی گوڑی اور علی پور دوار اضلاع میں اتوار صبح تک شدید سے شدید تر بارش ہونے کا امکان ہے۔