16 سے 22 اکتوبر کے درمیان مغربی مہاراشٹر اور جنوبی ہندوستان کے کچھ حصوں میں بارش کا الرٹ، تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 22 اکتوبر کے درمیان پونے، ستارا، احمد نگر، چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڈ اور سندھو درگ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کی فائل تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کچھ ریاستوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق بے وقت بارش اور طوفان کے سبب کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ خاص طور سے مغربی مہاراشٹر اور جنوبی ہندوستان کے کچھ حصوں میں 16 سے 22 اکتوبر کے درمیان بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 22 اکتوبر کے درمیان پونے، ستارا، احمد نگر، چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڈ اور سندھو درگ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں ابر آلود موسم اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق کیرالہ، تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں 18 اکتوبر تک مسلسل بارش ہونے کا امکان ہے۔ بارش کے ساتھ طوفان اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، خاص کر ساحلی آندھرا پردیش، یانم اور لکشدیپ میں ایسا موسم نظر آ سکتا ہے۔ لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ 16 سے 17 اکتوبر کے درمیان کونکن، گوا اور وسطی مہاراشٹر میں بھی اسی طرح کا موسم متوقع ہے۔ دوسری جانب شمال مغربی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسم خشک رہے گا۔ ان میں دہلی، پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان اور اترپردیش شامل ہے۔ اس دوران دہلی میں ہلکے درجہ حرارت کے ساتھ موسم کے صاف رہنے کا امکان ہے۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکشدیپ، مالدیپ، کومورین علاقہ اور کیرالہ کے ساحل اور آس پاس کے سمندری علاقوں میں 16 سے 20 اکتوبر، کرناٹک کے ساحل اور آس پاس کے سمندری علاقوں اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں 17 سے 20 اکتوبر تک طوفانی ہوا چل سکتی ہے۔ جبکہ خلیج بنگال میں 16 اور 17 اکتوبر کو تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تامل ناڈو، جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلی اور آس پاس کے سمندری علاقوں میں ماہی گیروں کو نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی 16 سے 20 اکتوبر کے دوران ماہی گیروں کو خلیج منار میں بھی جانے سے روک دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔