مدھیہ پردیش واقع شیوم انڈسٹریز میں لگی شدید آگ پر گھنٹوں کی مشقت کے بعد پایا گیا قابو، ملبہ سے 2 کنکال برآمد
بدھ کی دیر شب شیوم انڈسٹری کے احاطہ میں رکھے کیمیکل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں لپٹوں نے پورے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے رات بھر کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

مدھیہ پردیش کے اندور سے ملحق انڈسٹریل علاقہ پیتھم پورہ میں بدھ کی دیر شب ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، جس میں کم از کم 2 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ سیکٹر-3 واقع شیوم انڈسٹریز میں شدید آگ زنی کا واقعہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے میں دہشت پھیلا دی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو تو پا لیا، لیکن جمعرات کی صبح جانچ کے دوران فیکٹری احاطہ میں کھڑے آئل ٹینکر کے نیچے 2 کنکال برآمد ہوئے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں فیکٹری کے ملازمین تھے جو آگ میں پھنس کر باہر نہیں نکل پائے۔
آگ لگنے کا یہ واقعہ بدھ کی دیر شب تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق کمپنی احاطہ میں رکھے کیمیکل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں لپٹوں نے پورے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس آگ کی خبر ملتے ہی پیتھم پور پولیس، نگر پالیکا ٹیم اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی۔ فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے رات بھر فوم اور پانی کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی، اور انھیں صبح جا کر اس میں کامیابی ملی۔
آگ کی خوفناکی کو دیکھتے ہوئے آس پاس کے راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ جائے وقوع پر نگر پالیکا سی ایم او نشی کانت شکلا، تھانہ انچارج سنیل شرما اور ایس پی مینک اوستھی نے راحتی کاموں کی نگرانی کی۔ جمعرات کی صبح جب آگ پر پوری طرح قابو پا لیا گیا، تو فائر بریگیڈ دستہ میں شامل اہلکاروں اور پولیس نے فیکٹری احاطہ کی تلاشی لی۔ آئل ٹینکر کی جب جانچ کی گئی تو وہاں سے 2 کنکال برآمد ہوئے۔ پولیس نے دونوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور ہلاک ملازمین کی شناخت کی کوششیں شروع ہو گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔