دہلی میں کل نظر آئے گا عظیم فٹبالر میسی کا جادو، سیکورٹی سخت، وزیر اعظم سے کریں گے ملاقات
میسی کے کولکتہ پروگرام کے دوران ہوئے ہنگامے کے بعد دہلی پولیس مزید چوکس ہوگئی ہے۔ نئی دہلی میں کولکتہ جیسے حالات نہ پیدا ہوں اور تقریب کامیاب رہے، اس کا پورا دھیان رکھا جارہا ہے۔
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی اپنے ’جی او اے ٹی‘ ٹور کے چوتھے اور آخری مرحلے کے لیے 15 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گے۔ ان کے پروگرام کا شیڈول کافی مصروف ہے۔ وہ یہاں ارون جیٹلی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایک نمائشی میچ میں شرکت کریں گے جس میں اسٹار کرکٹر وراٹ کوہلی کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اس کے بعد میسی ایک استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کا ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنے کا پروگرام ہے۔
دنیا کے عظیم فٹبالرمیسی کے کولکتہ پروگرام کے دوران ہوئے ہنگامے کے بعد دہلی پولیس مزید چوکس ہوگئی ہے۔ نئی دہلی میں کولکتہ جیسے حالات نہ پیدا ہوں اور تقریب کامیاب رہے، اس کا پورا دھیان رکھا جارہا ہے۔ میسی کو دیکھنے کے لیے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہزاروں فٹبال شائقین کے جمع ہونے کا امکان ہے۔ اس لیے دہلی پولیس سیکورٹی کے حوالے سے پوری طرح ہائی الرٹ ہے۔ دہلی پولیس کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل اور ٹی 20 انٹرنیشنل جیسے میچوں کے دوران بھیڑ کو منظم رکھنے کا تجربہ ہے، اس لیے میسی کے پروگرام کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا امکان بہت کم ہے۔
دہلی پولیس کے اعلیٰ افسران فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل میٹنگ کر رہے ہیں۔ لیونل میسی کے پروگرام کے پیش نظر پیر کو قومی راجدھانی میں ٹریفک ڈائیورژن بھی رہے گا۔ اس وجہ سے آئی ٹی او، دہلی گیٹ اور راج گھاٹ کراسنگ کے ارد گرد دن کے وقت لوگوں کو بھاری ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس کا اثر وکاس مارگ، رنگ روڈ، اندر پرستھ مارگ، ڈی ڈی یو مارگ، بہادر شاہ ظفر مارگ اورجواہر لال نہرو مارگ پر بھی پڑنے کی اندیشہ ہے۔ ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی غیر قانونی پارکنگ کو روکنے کے لیے پولیس کی سختی رہے گی تاکہ اس کی وجہ سے ٹریفک میں زیادہ خلل نہ پڑے۔ میسی کے دہلی دورے کو دیکھتے ہوئے 3 لیئرحفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے تقریباً 3 ہزار سے زائد جوان تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ پیرا ملٹری فورس کے جوانوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پروگرام کے دوران ارون جیٹلی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرون سے لگاتار نظر رکھی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔