بھوپال: گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی

ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات جمعہ کو صبح 11 بجے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی

کیپٹن ورون سنگھ
کیپٹن ورون سنگھ
user

یو این آئی

بھوپال: ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات جمعہ کو صبح 11 بجے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شوریہ چکرا ایوارڈ یافتہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی آخری رسومات یہاں بیرا گڑھ کے وشرام گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔

قبل ازیں ان کا جسد خاکی آج دن میں بنگلور سے خصوصی طیارے میں یہاں لایا گیا۔ انہیں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما، دیگر عوامی نمائندوں کے علاوہ، فوج اور انتظامیہ کے افسران اور عام شہریوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ ورون سنگھ کا جسد خاکی یہاں ان کی رہائش گاہ کے احاطے میں بھی عوام کے دیکھنے کے لیے رکھا گیا۔


گروپ کیپٹن ورون سنگھ 08 دسمبر کو تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور 11 دیگر فوجی افسران بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے، جن کا انتقال ہوگیا ہے۔ ورون سنگھ کو علاج کے لیے بنگلور کے ایک اسپتال میں بھیجا گیا تھا، جہاں انھوں نے کل آخری سانس لی۔

آنجہانی گروپ کیپٹن ورون سنگھ، اہلیہ اور دو بچوں کے ساتھ تمل ناڈو کے ویلنگٹن میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے والد ایک ریٹائرڈ افسر کرنل کے پی سنگھ اور والدہ اوما سنگھ یہاں سن سٹی کالونی میں رہائش پذیرہیں۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ بنیادی طورسے اترپردیش کے ضلع دیوریا کے رہنے والے ہیں۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے چھوٹے بھائی تنوج سنگھ بحریہ میں لیفٹیننٹ کمانڈر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔