بارڈر-گواسکر ٹرافی پر ہندوستانی ٹیم کا لگاتار چوتھی بار قبضہ، اس بار آسٹریلیا کو 1-2 سے ملی شکست، چوتھا ٹیسٹ ڈرا

چوتھے ٹیسٹ میں وراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ آر اشون اور رویندر جڈیجہ کو مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز یعنی بارڈر-گواسکر ٹرافی کا آخری مقابلہ ڈرا رہا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پورے 5 دنوں کا کھیل ہوا جس میں صرف 21 وکٹ ہی گرے۔ پانچویں دن ایک گھنٹے کا کھیل باقی تھا، لیکن آپسی اتفاق کے بعد اس ٹیسٹ میچ کو ڈرا پر ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے بارڈر-گواسکر ٹرافی 1-2 سے جیت لی۔ یہ لگاتار چوتھی بار ہے جب ہندوستانی ٹیم نے اس ٹرافی پر قبضہ کیا ہے۔

بارڈر-گواسکر ٹرافی 2023 کے آخری مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ کنگارو ٹیم نے عثمان خواجہ (180 رن) اور کیمرون گرین (114 رن) کی سنچری کی بدولت 480 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ اسٹیو اسمتھ نے 38 رن، ٹریوس ہیڈ نے 32 رن، ٹاڈ مرفی نے 41 رن اور ناتھن لائن نے 34 رن کا تعاون کیا تھا۔ ہندوستان کی طرف سے اس اننگ میں آر اشون نے 6 وکٹ لیے تھے، جبکہ محمد شامی نے 2 اور جڈیجہ و اکشر نے 1-1 وکٹ لیے تھے۔


آسٹریلیا کے اس بڑے اسکور کا جواب ہندوستانی بلے بازوں نے بھی خوب دیا۔ شبھمن گل (128 رن) اور وراٹ کوہلی (186 رن) نے بہترین سنچری لگائی۔ اکشر پٹیل نے 79 رن، ایس کے بھرت نے 44 رن، چیتیشور پجارا نے 42 رن اور روہت شرما نے 35 رن کی اہم پاریاں کھیلیں۔ ہندوستانی بلے بازوں نے 9 وکٹ کے نقصان پر 571 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور شریئس ایر کھیلنے نہیں اتر سکے کیونکہ وہ چوٹ کی وجہ سے ریٹائرڈ ہو گئے۔ اس طرح ہندوستان نے 91 رنوں کی سبقت حاصل کر لی تھی۔ ناتھن لائن اور ٹاڈ مرفی نے 3-3 وکٹ، جبکہ اسٹارک اور کہنمین نے 1-1 وکٹ لیے۔

ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے ہندوستان کو آخری دن آسٹریلیا کے سبھی 10 بلے بازوں کو آؤٹ کرنا تھا، لیکن صرف 2 وکٹ ہی گر سکے اور 175 رن بورڈ پر جمع ہو گئے۔ آخر میں امپائروں نے میچ کو ڈرا کرنے کا اعلان کر دیا۔ وراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ آر اشون اور رویندر جڈیجہ کو مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔