نہیں تھم رہے ہوا میں طیاروں کی خرابی کے واقعات، آج دو پروازوں کو کرنا پڑا ڈائیورٹ

گزشتہ کچھ دنوں میں کئی ایئرلائنس کے طیاروں میں تکنیکی خرابی کے سبب پروازوں کو ڈائیورٹ کیا گیا ہے، مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی نے پیر کو ہر ایئرلائنس سے کہا کہ وہ سیکورٹی کے لیے ضروری اقدام کریں۔

گو ایئر، تصویر آئی اے این ایس
گو ایئر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں مسافر طیاروں میں تکنیکی خرابی کے واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ منگل کو ’گو ایئر‘ کی دو الگ الگ پروازوں کو انجن میں تکنیکی خرابی آنے کے سبب دہلی اور سری نگر کی طرف موڑنا پڑ گیا۔ ممبئی سے لیہہ کے لیے جا رہی گو ایئر اے320 طیارہ وی ٹی-ڈبلیو جی اے کو دہلی کی طرف موڑا گیا اور سری نگر سے دہلی جانے والے گو ایئر اے320 طیارہ وی ٹی-ڈبلیو جے جی پرواز جی8-6220 کو انجن میں ای جی ٹی اوور-لمٹ کے سبب واپس سری نگر بھیج دیا گیا۔

افسران نے بتایا کہ انجن نمبر 2 میں ای آئی یو (انجن انٹرفیس یونٹ) کی خرابی کے سبب پہلے طیارہ کو دہلی کی طرف ڈائیورٹ کیا گیا تھا۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ ڈی جی سی اے ان واقعات کی جانچ کر رہا ہے اور دونوں طیاروں کو روک دیا گیا ہے اور جب ریگولیٹری کے ذریعہ منظوری دی جائے گی تبھی وہ پرواز بھریں گے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں کئی ہندوستانی مسافر طیاروں میں تکنیکی خرابی کے سبب پروازوں کو ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جیوترادتیہ سندھیا نے پیر کو ہر ایئرلائنس سے کہا کہ وہ سبھی ضروری اقدام اٹھائیں جو سیکورٹی جائزہ کو بہتر کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ دوسری طرف ڈی جی سی اے نے پیر کے روز کہا کہ بیس اور ٹرانزٹ اسٹیشنوں پر سبھی طیاروں کو ان کی تنظیم کے ذریعہ مناسب اتھارٹی کے ساتھ لائسنس رکھنے والے ملازمین کو سرٹیفائیڈ کر کے جاری کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں انڈیگو کی شارجہ-حیدر آباد پرواز کو احتیاطاً کراچی کی طرف موڑا پڑا تھا کیونکہ پائلٹوں نے انجن میں خرابی دیکھی تھی۔ گزشتہ ہفتہ کی شب ایئر انڈیا ایکسپریس کی کالی کٹ-دبئی پرواز کو کیبن کے درمیان ہوا میں جلنے کی بو کے بعد مسقط کے لیے ڈائیورٹ کیا گیا تھا۔ ایک دن پہلے ایئر انڈیا ایکسپریس بحرین-کوچی فلائٹ کے کاک پِٹ میں ایک زندہ پرندہ ملا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔