ستمبر میں گرمی کا ستم! دہلی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے متجاوز

قومی راجدھانی دہلی ایک بار پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئی ہے کیونکہ پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول کی سطح سے 6 ڈگری زیادہ ہے

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
گرمی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی اور شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ستمبر کے مہینے میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی (صفدرجنگ) میں پیر 4 ستمبر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو 2011 کے بعد ریکارڈ سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے اور معمول کی سطح سے 6 ڈگری زیادہ ہے۔ وہیں اگست کے بعد راجستھان میں ستمبر میں بھی ریکارڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق موسم کے یہ بدلے ہوئے پیٹرن موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہیں۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اپنی پیشن گوئی میں کہا ہے کہ منگل کو آسمان ابر آلود رہے گا اور رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 37 ڈگری سیلسیس اور 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ پیر کو کم سے کم درجہ حرارت 26.3 ڈگری سیلسیس تھا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی میں ہوا کے معیار کا مجموعی انڈیکس (اے کیو آئی) رات 8 بجے 233 ریکارڈ کیا گیا، جو 'خراب' زمرے میں آتا ہے۔


وہیں، راجستھان کے چورو میں ایک بار پھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 4 ستمبر 2023 کو پیلانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی جے پور کے مطابق 4 ستمبر کو راجستھان کے کئی دوسرے اہم شہروں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔