راجستھان کے چورو میں اچانک 50 فیٹ گہرائی تک دھنس گئی زمین، پُراسرار واقعہ سے لوگ دہشت میں
ایک مقامی شخص نے واقعہ کی جانکاری مقامی پولیس انتظامیہ کو دی۔ احتیاط کے طور پر مقامی لوگوں کو گڈھے سے دور رکھا جا رہا ہے۔

راجستھان کے چورو میں پیر کے روز اُس وقت لوگ دہشت میں مبتلا ہو گئے جب اچانک ایک جگہ کی زمین تقریباً 50 فیٹ گہرائی تک اندر دھنس گئی۔ زمین دھنسنے کا یہ واقعہ سردار شہر میں سونپالسر گاؤں کے پاس کا بتایا جا رہا ہے۔ گاؤں میں اچانک پُراسرار طریقے سے زمین دھنسنے سے ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ یہ خبر گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی، اور پھر لوگ اسے دیکھنے کے لیے تیزی سے جمع ہونے لگے۔
گاؤں کے ہی باشندہ امید سنگھ راٹھوڑ نے اس واقعہ کی جانکاری مقامی پولیس انتظامیہ اور ایڈمنسٹریشن کے افسران کو دی۔ احتیاطاً مقامی لوگوں کو اس گڈھے سے دور رکھا جا رہا ہے۔ امید سنگھ نے بتایا کہ اچانک تقریباً 60 فیٹ کی دوری تک 50 فیٹ گہرا گڈھا بن گیا ہے۔ زمین دھنسنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ افسران جب اس واقعہ کی جانچ کریں گے تو زمین دھنسنے کی وجہ کا پتہ چل پائے گا۔ فی الحال مقامی لوگ دہشت میں ہیں اور فکرمند ہیں کہ کہیں زمین دھنسنے کا واقعہ کسی بڑی آفت کی طرف اشارہ تو نہیں ہے۔
امید سنگھ کا کہنا ہے کہ گاؤں سونپالسر سے 3 کلومیٹر کی دوری پر گوسائی جی مہاراج کا بیہڑ ہے، جس میں یہ زمین دھنسی ہے۔ اچانک زمین دھنسنے سے مقامی لوگ دہشت میں ہیں۔ موقع پر موجود لوگوں کے ذریعہ گڈھا کے پاس سے لوگوں کو دور رکھا جا رہا ہے اور انتظامیہ کی ٹیم کا انتظار ہو رہا ہے۔ امید سنگھ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ زمین دھنسنے کا سلسلہ دھیرے دھیرے اب بھی جاری ہے۔ یعنی گڈھے کی گہرائی ہر گزرتے وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔
حیران کر دینے والے اس واقعہ کو دیکھنے کے لیے دور دور سے لوگ آ رہے ہیں۔ حالانکہ انھیں گڈھے کے قریب جانے سے روکا جا رہا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ راجستھان میں اس طرح کا واقعہ پہلے بھی سامنے آ چکا ہے۔ گزشتہ سال بھیلواڑا اور بیکانیر سے بھی اسی طرح زمین دھنسنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔