حکومت ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی: پائلٹ

سچن پائلٹ نے کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں ریاستی حکومت پوری طرح سے کسان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مدد کے لئے سنجیدہ ہے اس لئے ان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ ریاست میں ہونے والی بے موسم بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے کئی علاقوں میں فصلوں کو ہوئے نقصان پر حکومت کسانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

اچانک موسم کی تبدیلی سے ریاست کے کئی علاقوں میں ہونے والی ژالہ باری کے بعد سچن پائلٹ نے کہا کی صوبہ میں بے موسم کی برسات اور ژالہ باری کی وجہ سے کئی علاقوں میں فصلوں کو بھاری نقصان کی خبر کافی افسوسناک ہے۔ اس وقت کسان بھائیوں کے درد کو وہ سمجھ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں ریاستی حکومت پوری طرح سے کسان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مدد کے لئے سنجیدہ ہے اس لئے ان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔


دوسری طرف بی جے پی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے کہا کہ ہفتہ کو دھول پور سمیت کئی علاقوں میں بے موسم کی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے، جس سے ریاست کا کسان فکر مند ہے۔ انھوں نے موجودہ حکومت سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ کسانوں کو فوری معاوضہ دیا جائے۔

بی جے پی ریاستی صدر ستیش پونیا نے کہا کہ ژالہ باری سے بھرت پور، دھول پور اور جھنجھنوں کے کسانوں کی کھڑی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے اس لئے حکومت انھیں فوری مدد مہیا کرائے۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو موسم کی تبدیلی سے الور، کوٹہ، بوندی، دھول پور، جھنجھنوں اور جے پور اضلاع کے کچھ علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔