’حکومت کو شرم آنی چاہیے‘، نیٹ پیپر لیک کے بعد ری-نیٹ میں بھی گھوٹالہ کی خبروں پر کانگریس کا سخت رد عمل
کانگریس نے کہا کہ این ٹی اے لگاتار اور ہر سطح پر ناکام ثابت ہو رہا ہے، لیکن بے شرمی ایسی ہے کہ اس سب کے ذمہ دار دھرمیندر پردھان کرسی سے چپکے ہوئے ہیں۔

ایک طرف امتحانات میں بے ضابطگی اور پیپر لیک کے خلاف کانگریس نے ’چھاتروں کی گونج‘ نام سے مہم جاری کر رکھی ہے، اور دوسری طرف امتحان میں ایک نئے گھوٹالہ کی خبر نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ معاملہ ری-نیٹ سے جڑا ہوا ہے، جس میں بے ضابطگی کی خبر پر کانگریس نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حکومت کو شرم آنی چاہیے۔‘‘
دراصل کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’نیوز پنچ‘ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں ’نیوز پنچ‘ کے نامہ نگار کو ری-نیٹ امتحان دینے والے امیدوار کے والد نے بتایا کہ ’او ایم آر‘ شیٹ ہی بدل گیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’نیٹ پیپر لیک کے بعد اب ری-نیٹ میں بھی گھوٹالہ۔ ایک والد بتا رہے ہیں کہ ان کے بچے نے ری-نیٹ کا امتحان دیا تھا، لیکن اب اس کی او ایم آر شیٹ ہی بدل گئی ہے۔ والد کے مطابق این ٹی اے کی طرف سے ان کے بیٹے اونیش شریواستو کو جو او ایم آر شیٹ دی گئی، وہ کسی اجیت سنگھ کی ہے۔‘‘
اس واقعہ کا ذکر کرنے کے بعد مودی حکومت اور تعلیمی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’سوچیے اس بچے کو کیسا لگ رہا ہوگا، جس کے ساتھ یہ دھوکہ کیا گیا؟ یہ بات صاف ہے کہ این ٹی اے لگاتار ہر سطح پر ناکام ثابت ہو رہا ہے، لیکن بے شرمی ایسی ہے کہ اس سب کے ذمہ دار دھرمیندر پردھان کرسی سے چپکے ہوئے ہیں۔‘‘ اس سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے لکھا ہے ’’شرم آنی چاہیے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
