چین کو حکومت ہند نے دیا زوردار جھٹکا، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کی درآمدات پر پابندی لگانے کا فیصلہ!

وزارت کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ ایک شرط کے ساتھ درآمدات کی اجازت دی جائے گی کہ درآمد سامان کا استعمال صرف بتائے گئے مقاصد کے لیے کیا جائے گا، نہ کہ فروخت کیا جائے گا۔

ہندوستان۔چین، تصویر آئی اے این ایس
ہندوستان۔چین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی حکومت نے لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر کی درآمدات پر فوری اثر سے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورین ٹریڈ کے ذریعہ جاری نوٹس کے مطابق جائز لائسنس کی بنیاد پر ان چیزوں کی محدود تعداد میں درآمدات کی اجازت دی جائے گی۔ ایچ ایس این 8741 کے تحت آنے والے الٹرا اسمال فارم فیکٹر کمپیوٹر اور سروَر کی درآمدات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

وزارت کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ ایک شرط کے ساتھ درآمدات کی اجازت دی جائے گی کہ درآمد سامان کا استعمال صرف بتائے گئے مقاصد کے لیے کیا جائے گا، نہ کہ فروخت کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شرط میں یہ بھی شامل ہے کہ استعمال کے بعد پروڈکٹ کو تباہ کر دیا جائے گا یا پھر سے برآمد کیا جائے گا۔


یہاں توجہ طلب بات یہ ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا ہے جب ’میک اِن انڈیا‘ پر پورا زور دیا جا رہا ہے۔ الیکٹرانکس صنعت باڈی مینوفیکچررس ایسو سی ایشن آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سابق ڈائریکٹر جنرل علی اختر جعفری نے کہا کہ ’’اس قدم کا مقصد مینوفیکچرنگ کو ہندوستان میں فروغ دینا ہے اور یہ ایک مثبت فیصلہ ہے۔ ہم اس کا استقبال کرتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ سیمسنگ، ڈیل، ایسر، لینووو، ایل جی، پیناسونک اور ایپل اِنک کے لیپ ٹاپ ہندوستان میں فروخت کے لیے چین جیسے ممالک سے درآمد کیے جاتے ہیں۔ ایسے میں حکومت کے تازہ فیصلے سے ان کمپنیوں کی مشکلات بڑھنے والی ہیں اور لیپ ٹاپ و کمپیوٹر کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔