حکومت منافع بخش اداروں کو فروخت کرکے ملک کو لوٹ رہی ہے: کانگریس

کانگریس نے کہاکہ حکومت آسمان چھوتی مہنگائی کے ذریعہ عوام کو لوٹ رہی ہے اور دوسری منافع بخش پبلک سیکٹر کے اداروں کو نجی ہاتھوں میں فروخت کرکے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا جارہا ہے

گوراو ولبھ، تصویر آئی اے این ایس
گوراو ولبھ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہاکہ حکومت آسمان چھوتی مہنگائی کے ذریعہ عوام کو لوٹ رہی ہے اور دوسری منافع بخش پبلک سیکٹر کے اداروں کو نجی ہاتھوں میں فروخت کرکے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا جارہا ہے۔

کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا اور گورو ولبھ نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ جب ان ادارو ں کو قائم کیا گیا تھا تو اس وقت کوئی نجی ادارہ ان کی مدد کے لئے آگے نہیں آیا لیکن جو ادارے منافع میں چل رہے ہیں اب ان کو نجی ہاتھوں میں فروخت کرکے حکومت کے دوستوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر نجی ہاتھوں کو فروخت سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو پرائیویٹ سیکٹر کو صرف منافع میں چلنے والے ہی نہیں بلکہ خسارہ میں چلنے والے ایر انڈیا جیسے اداروں کو بھی خریدنا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا اور گورو ولبھ نے کہا کہ ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں لیکن ٹیکس میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی ایکسائز ڈیوٹی بڑھاکر حکومت فائدہ حاصل کررہی ہے۔ مہنگائی میں اضافہ کرکے سرکاری خزانے کو بھرا جارہا ہے۔ عوام کی جیب سے مسلسل پیسے نکالے جارہے ہیں اور مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر پیسہ جمع کیا جا رہا ہے۔


انہوں نے کہاکہ پبلک سیکٹر کو فروخت کیا جارہا ہے اور اس کا فائدہ عوام کونہیں دیا جارہا ہے۔ اس میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ جو ادارے منافع میں چل رہے ہیں ان پبلک سیکٹر اداروں کو فروخت کیا جارہا ہے جو حکومت کی من مانی کی علامت ہے۔

کانگریس کے لیڈروں نے کہاکہ سرکاری ادارے حکومت کی مضبوطی کی علامت ہوتے ہیں۔ سرکاری اداروں کے ذریعہ ہی ملک میں حکومت نظر آتی ہے۔ پورے ملک میں سرکاری اداروں پر لوگوں کا اعتماد بھی زیادہ ہوتا ہے لیکن حکومت ان تمام اداروں کو فروخت کررہی ہے اور انہیں نجی ہاتھوں میں سونپا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔