سعودی عرب: جدہ میں پہلی بار خواتین کار ریس کا انعقاد

سعودی عرب میں طویل عرصے تک خواتین کے لیے گاڑی چلانے پر پابندی تھی، اس پابندی کے اٹھنے کے بعد اب خواتین کے کار ریس مقابلے بھی ہونے لگے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جدہ: سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی کے خاتمے کے ساتھ اب جدہ میں تاریخ میں پہلی بار خواتین کار ریس کا انعقاد کیا گیا۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق ریس کے آخری مرحلے میں 10 خواتین کے درمیان مقابلہ تھا، مقابلے میں امجد العمری نے پہلی، ایناس حمزہ نے دوسری اور المیاء الحسیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلے نمبر پرآنے والی خاتون کو 10 ہزار ریال کا انعام دیا گیا۔ مقابلے میں امجاد العمری نے پہلی، ایناس حمزہ نے دوسری اور المیاء الحسیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سعودی عرب کی آٹوموبائل وموٹرسائیکل فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی رکن اور سعودی عرب کی کار ویمن کاراسپورٹس کی مندوبہ انجنیئر اسیل الحمد نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کار ریس کامقابلہ اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔ اسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدہ ویمن کار ریس پوری قوم کے لیے خوشی اور مسرت کا پیغام ہے۔

اسیل الحمد نے کہا کہ جدہ میں ہونے والا یہ مقابلہ کارٹون کاروں کی شکل میں تھا مگر اس مقابلے کے بعد سعودی عرب عالمی سطح پر خواتین کو کارریس کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودیہ میں کار ریس کا مقابلہ دو مراحل میں مکمل ہوا۔ پہلا مرحلہ جولائی ماہ میں 20 خواتین کا آپس میں مقابلہ ہوا۔ جن میں سے 10 کو آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا۔

26 اگست کوپانچ خواتین کوحتمی شکل دی گئی جب کہ مجموعی طور پر آخری مرحلے میں امجاد العمری، افنان الرغلانی، سراء مجاھد، مہا علوی، ایناس حمزہ، حور عبدالعزیز، ولمیاء الحسیل، عبیر الشھری، یاسمین العمودی اور ریم کیال نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کی کار ریس کا اہتمام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں سعودی عرب نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی ہے۔ خواتین کی کار ریس کا مقصد معاشرے میں پائی جانے والی گھٹن کوختم کرنا اور خواتین میں اسپورٹس کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Sep 2018, 11:01 AM