اکھلیش اور جینت کی پہلی مشترکہ ریلی، 7 دسمبر کو میرٹھ سے کریں گے یلغار

ایس پی-آر ایل ڈی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں ہوا ہے لیکن دونوں پارٹیوں نے اپنی پارٹی کے صدور کی پہلی مشترکہ ریلی مغربی اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے اتحاد کا باضابطہ طور پر ابھی تک اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن دونوں پارٹیوں نے اپنی پارٹی کے صدور کی پہلی مشترکہ ریلی مغربی اترپردیش کے شہر میرٹھ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماج وادی پارٹی ذرائع نے جمعرات کے روز بتایا کہ 7 دسمبر کومیرٹھ میں ایس پی صدر اکھلیش یادو اور آر ایل ڈی صدر جینت چودھری کی پہلی عوامی میٹنگ ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز جینت نے یہاں اکھلیش سے ملاقات کی تھی اور سیٹوں کی تقسیم پر میراتھن میٹنگ کی ، لیکن کچھ سیٹوں پر دونوں فریقوں کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سے اتحاد کا باضابطہ اعلان نہیں ہو سکا۔


سمجھا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں کی مشترکہ ریلی سے پہلے ہی سیٹوں کا فیصلہ ہو جائے گا۔ پارٹی قیادت نے جلد اعلان کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس پی اتحاد کے سبھی اتحادیوں کو 50 سے 60 سیٹیں دینے پر بضد ہے۔ ایسے میں اکھلیش اور جینت کے درمیان آر ایل ڈی کو 36 سیٹیں دینے کا معاہدہ ہوا ہے۔ ان میں سے آٹھ سیٹوں پر آر ایل ڈی کے امیدوار ایس پی کے نشان پر اپنی قسمت آزمائیں گے۔

دریں اثنا، عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ اور اپنا دل (کرشنا دھڑے) کے صدر کرشنا پٹیل نے بھی بدھ کے روز اکھلیش سے ملاقات کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */