وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور پی ڈبلیو ڈی وزیر پرویش ورما کی ناکامی ظاہر، دہلی کو غرق کرنے کی ہو رہی سازش: ڈاکٹر نریش کمار

ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف کیمروں کے سامنے نمائش کی سیاست کر رہی ہیں، جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ نالوں کی صفائی کے نام پر کوئی کام نہیں ہوا ہے۔

ڈاکٹر نریش کمار / تصویر یو این آئی
ڈاکٹر نریش کمار / تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

راجدھانی نالوں کی صفائی نہ ہونے پر کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے بی جے پی حکمراں دہلی حکومت پر آج سخت حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت صرف جھوٹے دعووں اور فرضی اعداد و شمار کے سہارے دہلی کی عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف کیمروں کے سامنے نمائش کی سیاست کر رہی ہیں، جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ نالوں کی صفائی کے نام پر کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریکھا گپتا کی قیادت والی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور عوام کو آبی جماؤ، گندگی اور ٹریفک جام جیسے مسائل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نریش کمار نے پی ڈبلیو ڈی وزیر پرویش ورما کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ 2 جون کو پرویش ورما نے دعویٰ کیا تھا کہ 35 فیصد نالوں کی صفائی ہو چکی ہے، جبکہ ابھی 3 دن قبل حکومت نے کہا کہ 90 فیصد صفائی پوری ہو چکی ہے۔ کانگریس لیڈر نے سوال اٹھایا کہ کیا اتنے بڑے فرق کو عوام نہیں سمجھے گی؟ کیا یہ اعداد و شمار صرف لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے ہیں؟ انھوں نے پرویش ورما کے طریقۂ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو وضاحت دیں کہ زونل سطح پر کن کن علاقوں میں نالوں کی صفائی ہوئی ہے، کتنے نالوں کی صفائی کا کام پورا کیا گیا ہے اور کتنے اب بھی گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔


ڈاکٹر نریش نے ریکھا گپتا حکومت پر دہلی کو غرق کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ 2 ہلکی بارش نے ہی حکومت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ دہلی کے کئی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں اور سڑکوں پر گندہ پانی بھر گیا ہے۔ ٹریفک نظام بھی بدتر ہے، اس کے باوجود حکومت کی طرف سے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی کو قصداً ایک بڑے نالے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی یہ لاپروائی نہ صرف شرمناک ہے، بلکہ عوام کی زندگی اور صحت کے ساتھ کھلواڑ بھی ہے۔ کانگریس لیڈر نے اس معاملے میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور ریاستی وزیر پرویش ورما سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا، اور کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو انھیں اپنی ناکامی کی ذمہ داری لینی چاہیے، انھیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔