فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ذریعہ نمائش کا انعقاد، پدم شری پروفیسر نجمہ اختر کی شرکت

تقریب کی مہمانِ خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پدم شری پروفیسر نجمہ اختر تھیں، اور مہمانِ اعزازی کے طور پر مشہور فنکار راجیش مہرا موجود تھے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

سنہ 2022 کو ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے، جسے حکومت ہند نے ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ نام دیا ہے۔ پورے ملک میں یہ امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے اور اسی ضمن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ نے 6 مئی کی شام ایک گروپ شو کا انعقاد کیا جس میں ملک و بیرون ملک سے 86 سابق طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔

اس تقریب کی نظامت شاہ ابوالفیض، اسسٹنٹ پروفیسر، فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ نے کی۔ گروپ شو میں 1980 کے بعد بنے ڈپارٹمنٹ آ ف فائن آرٹ کے طلبا اور پروفیسرز کے آرٹ وَرک کی نمائش کی گئی۔ اس میں 75 سال میں ہندوستان کے سفر اور مستقبل میں ان کے خوابوں کا ہندوستان کیسا ہوگا، سے متعلق اپنے نظریہ کو فنکاروں نے کینوس پر اتارا۔ ان سالوں میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا کس طرح سماجی، ثقافتی اور سیاسی طور پر بدلاؤ ہو رہا ہے، اس کی بہترین پیشکش پروگرام کے ناظم شاہ ابوالفیض کی پینٹنگ میں دکھائی دی۔


قابل ذکر ہے کہ شاہ ابوالفیض فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ سے گزشتہ دو دہائیوں سے منسلک ہیں۔ انھوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی نمائش کی نظامت کی۔ گزشتہ کچھ سالوں سے یہ صوفی کلام سے متعلق ایک سیریز پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں سے کچھ چنندہ پینٹنگ کی نمائش بھی کی گئی ہے۔ اسی ضمن میں علامہ اقبال کی مشہور نظم ’سارے جہاں سے اچھا، ہندوستاں ہمارا‘ کو بھی کینوس پر اتارا گیا اور بتایا گیا کہ کس طرح ہندوستان کی جمہوری ملک کے طور پر تعمیر ہو رہی ہے۔

بہرحال، اس تقریب کی مہمانِ خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پدم شری پروفیسر نجمہ اختر تھیں، اور مہمانِ اعزازی کے طور پر مشہور فنکار راجیش مہرا موجود تھے۔ پروفیسر نجمہ اختر نے گیلری میں موجود تمام فنکاروں اور موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں اس روایت کو بنائے رکھنا ہے کہ یونیورسٹی کو مزید بہتر بنانے میں صرف موجودہ طلبا و طالبات کا ہی تعاون ضروری نہیں ہے، بلکہ سابق طلبا و طالبات کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے۔ انھیں بھی یہ دیکھنا ہے کہ وہ اپنے ادارے کو کس طرح مزید اونچائی تک لے جا سکتے ہیں۔‘‘ اس تقریب کے دیگر مقررین میں پروفیسر مامون نعمانی (ڈین، فائن آرٹ) اور معین فاطمہ (ہیڈ، ڈپارٹمنٹ آف پینٹنگ) کا نام اہم ہے۔ یہ نمائش 17 مئی تک ایم ایف حسین آرٹ گیلری، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں چلے گی۔ پروگرام کو پنجاب کیسری، جالندھر گروپ نے اسپانسر کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔