’الیکٹرک چولہا آن کرتے ہی دھماکہ ہو گیا‘، مالویہ نگر ہوٹل کے باورچی نے بتائی آگ لگنے کی وجہ

پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے، لیکن ہوٹل کے ریستوراں میں کام کرنے والے باورچی نے الیکٹرک چولہا میں ہوئے دھماکہ کو اس حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آگ لگنے کے بعد مالویہ نگر واقع ریسٹورینٹ کی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے مالویہ نگر علاقہ واقع ایک ہوٹل اور اس کے ریستوراں میں بدھ کی صبح لگنے والی ہولناک آگ نے بڑے سانحے کی شکل اختیار کر لی۔ اس افسوسناک حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، جبکہ کم و بیش 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی پولیس کے مطابق مہلوکین میں بیشتر غیر ملکی شہری شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت اور شہریت کی باضابطہ تصدیق کا عمل ابھی جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے، لیکن ہوٹل کے ریستوراں میں کام کرنے والے باورچی نے الیکٹرک چولہا میں ہوئے دھماکہ کو اس حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔ دراصل حوض رانی گاؤں میں واقع جس ہوٹل میں یہ حادثہ پیش آیا، اس کے گراؤنڈ فلور پر ایک ریستوراں بھی چلایا جاتا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی ٹیم نے ریستوراں کے باورچی کیسر نیگی سے بات کی، جو اس حادثے میں بال بال بچ گئے۔


کیسر نیگی نے بتایا کہ صبح تقریباً 8 بجے جب انہوں نے ریستوراں میں نصب الیکٹرک چولہا چلانے کی کوشش کی، تو اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ تیزی سے پھیلنے لگی۔ ان کے مطابق انہیں بعد میں احساس ہوا کہ آگ شاید پہلے ہی ہوٹل کے کسی حصے میں لگ چکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’جیسے ہی میں نے الیکٹرک چولہا جلانے کی کوشش کی، اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ میں نے فوراً اپنے معاون کو بتایا کہ ہوٹل میں آگ لگ گئی ہے۔ جب میں باہر نکلا تو دیکھا کہ پورا ہوٹل شعلوں کی زد میں ہے۔ میں کسی طرح اپنی جان بچا کر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔‘‘

باورچی نے خدشہ ظاہر کیا کہ حادثے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں گئی ہوں گی۔ تاہم پولیس اور محکمہ فائر بریگیڈ نے ابھی تک ان کے دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے اور آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دہلی پولیس کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق بدھ کی صبح 8 بج کر 48 منٹ پر مالویہ نگر واقع ’فلورش اسٹے بی اینڈ بی‘ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور دیگر ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔


آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں کو موقع پر تعینات کیا گیا، جنہوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ کو قابو میں کیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ ایمس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب تک 13 زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 3 عام شہری جبکہ 10 پولیس اہلکار شامل ہیں، جو بچاؤ اور راحت کاری کے دوران آگ کی زد میں آ کر جھلس گئے۔ ایمس کی برن اینڈ پلاسٹک سرجری یونٹ میں اب تک 3 لاشیں لائی جا چکی ہیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔