دہلی کے مالویہ نگر واقع ریسٹورینٹ میں لگی خوفناک آگ، 21 افراد جاں بحق

افسران نے بتایا کہ فائر بریگیڈ محکمہ کو آگ لگنے کی جانکاری صبح تقریباً 9 بجے ملی۔ اس کے بعد آگ بجھانے والی 10 گاڑیاں جائے وقوع پر بھیجی گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

راجدھانی دہلی کے مالیہ نگر واقع حوض رانی علاقہ میں بدھ کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک ریسٹورینٹ خوفناک آگ کی زد میں آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسٹورینٹ کا نام ’ہوٹل فلورش اسٹے‘ ہے، جہاں آگ لگنے کے بعد کم از کم 21 لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔ کئی لوگوں نے عمارت سے کود کر اپنی جان بچانے کی کوشش کی، جس میں زخمی ہو گئے۔

افسران کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ محکمہ کو آگ لگنے کی جانکاری صبح تقریباً 9 بجے ملی تھی۔ اس کے بعد آگ بجھانے والی 10 گاڑیاں جائے وقوع پر بھیجی گئیں۔ ابتدائی جانکاری میں 10 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی، لیکن بعد میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی۔ کچھ زخمیوں کی حالت سنگین بھی بتائی جا رہی ہے۔ مجموعی طور پر کم از کم ایک درجن افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں، جنھیں علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ انتظامیہ کو اندیشہ ہے کہ کچھ لوگ اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہو سکتے ہیں، جس کی وجہ سے راحت و بچاؤ کاری کا عمل ہنوز جاری ہے۔


خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دہلی فائر بریگیڈ سروس (ڈی ایف ایس) کے ایک افسر نے بتایا کہ ’لیمن گرین ریسٹورینٹ‘ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ابتدائی قدم کے طور پر 2 واٹر ٹنڈر، 2 واٹر باؤزر، ایک کوئک رسپانس گاڑی اور آگ بجھانے والی دیگر یونٹس بھیجی گئیں۔ بیسمنٹ میں پھنسے 3 لوگوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، جس سے ان کی جان بچ گئی۔ آگ لگنے کے بعد مقامی لوگوں نے فوراً پولیس اور فائر بریگیڈ کو خبر دی، جس سے کئی لوگوں کی جان بچ گئی۔ دہلی پولیس کے مطابق اب تک 11 زخمیوں کو بہ حفاظت ریسٹورینٹ سے باہر نکال کر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت پر ڈاکٹر مستقل نظر بنائے ہوئے ہیں۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ اسپتال سے تفصیلی میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد ہی زخمیوں کی حالت کے بارے میں واضح جانکاری دی جا سکے گی۔

فائر بریگیڈ کے افسران نے واقعہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شدید دھوئیں اور آگ میں پھنسے لوگوں تک پہنچنے میں شدید مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، لیکن عمارت کے اندر تلاشی اور ریسکیو مہم اب بھی جاری ہے۔ اب تک 37 لوگوں کو ریسٹورینٹ سے باہر نکالا گیا ہے۔ اس واقعہ کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں کچھ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ریسٹورینٹ کی اوپری منزلوں سے نیچے کودتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔


فی الحال آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔ ماہرین اور فورنسک ٹیموں نے جائے وقوع کا تجزیہ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں شارٹ سرکٹ سمیت دیگر تکنیکی اسباب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ آگ کے حقیقی اسباب کا انکشاف جانچ پوری ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ انتظامیہ نے اس معاملے کی تفصیلی جانچ کا حکم دے دیا ہے اور قصورواروں کے خلاف ضروری کارروائی کا یقین دلایا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔