الیکشن کمیشن کا بہترین قدم، معذور افراد کے لیے پولنگ مراکز پر وہیل چیئر اور بریل لیپی سمیت کئی سہولیات ہوں گی دستیاب

معذوروں کو دی جانے والی سہولیات بہار کے 90 ہزار 712 پولنگ مراکز پر دستیاب ہوں گی۔ ایک دیگر اقدام کے تحت ریاست کے 292 پولنگ مراکز کا انتظام خصوصی طور سے معذوروں کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

الیکشن کمیشن کی جانب سے بہار میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخاب سمیت 8 ضمنی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انتخاب کو بہتر طریقے سے اختتام تک پہونچانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے کئی طرح کی خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے چیف الیکٹورل آفیسرز (سی ای او) کو یہ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے کہ انتخاب کے دوران معذوروں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں۔ کمیشن نے بہار میں تمام پولنگ مراکز پر معذور اور وہیل چیئر والے بزرگ ووٹرس کی سہولیات کے لیے مناسب ڈھلان والے ریمپ بنانے کا حکم دیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ پولنگ مراکز میں داخلہ کے لیے معذور اور بزرگ ووٹرس کو ترجیح دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے نابینا افراد کی سہولت کے لیے ووٹر انفارمیشن سلپس (وی آئی پی) کے ساتھ ساتھ ’بریل لیپی‘ سہولیات فراہم کرانے کو کہا ہے۔ کنڈکٹ آف الیکشنز رولز، 1961 کے تحت بصارت سے محروم شخص پولنگ مراکز پر ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے ساتھ ایک معاون کو بھی لے جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ مراکز پر ’بریل لیپی‘ میں ڈمی بیلٹ شیٹ بھی مہیا کرائی جائے گی۔ تاکہ بصارت سے محروم کوئی بھی شخص بغیر کسی کی مدد کے آسانی سے ووٹ دے سکے۔


کمیشن نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ پولنگ کے روز پولنگ مراکز پر معذورا افراد کے لیے ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولیات دستیاب کرائی جائیں۔ معذور رائے دہندگان ’ای سی آئی این ای ٹی‘ کے دیویانگ (سکشم) ماڈیول پر رجسٹر کر کے ٹرانسپورٹ اور وہیل چیئر کی سہولیات کے لیے درخواست بھی کر سکتے ہیں۔ یہ سہولیات بہار کے 90 ہزار 712 پولنگ مراکز پر دستیاب ہوں گی۔ ایک دیگر اقدام کے تحت ریاست کے 292 پولنگ مراکز کا انتظام خصوصی طور سے معذوروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ آئندہ انتخابات میں مالیاتی طاقت، مفت خوری کے ساتھ ساتھ ڈرگس، نشہ آور اشیاء اور شراب کے استعمال کو روکنے کے لیے الیکشن کمیشن نے ریاستی پولیس، اسٹیٹ ایکسائز ڈپارٹمنٹ، محکمہ انکم ٹیکس، ایف آئی یو-آئی این ڈی، آر بی آئی، ایس ایل بی سی، ڈی آر آئی، سی جی ایس ٹی، ایس جی ایس ٹی، کسٹمز، ای ڈی، این سی بی، آر پی ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، بی سی اے ایس، اے اے آئی، محکمہ ڈاک، ریاستی محکمہ جنگلات اور ریاستی کوآپریٹو محکمہ سمیت تمام انفورسمنٹ ایجنسیوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔