’الیکشن کمیشن کو قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا‘، ایس آئی آر معاملہ پر کانگریس نے اختیار کیا سخت رویہ

کانگریس لیڈر پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ اب تک الیکشن کمیشن نے کچھ فیصلوں کی منظوری کے عمل کو ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پون کھیڑا / ویڈیو گریب</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور انڈیا بلاک کے 12 دیگر لیڈران نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے، جس میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے 48 سوالات پوچھنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تفصیلی پوسٹ جاری کی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلوں میں موجود تضادات کی طرف نشاندہی کی گئی ہے۔ انھوں نے کچھ اہم نکات پیش کرتے ہوئے متنبہ بھی کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں پون کھیڑا نے لکھا ہے کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور انڈیا بلاک کے 12 دیگر لیڈران نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی سمیت الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے دیگر عہدیداروں سے الیکٹورل لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے طریقۂ کار سے متعلق 48 مخصوص سوالات کے جواب طلب کیے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ’’یہ سوالات الیکشن کمیشن کے اپنے ہی بیان میں موجود ان بنیادی تضادات سے متعلق ہیں، جن کا تعلق ایس آئی آر شروع کرنے اور اس کی منظوری دینے کے طریقۂ کار سے ہے۔‘‘


چند مثالیں پیش کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے لکھا ہے کہ ’’آر ٹی آئی کے تحت الیکشن کمیشن کی فرسٹ اپیلیٹ اتھارٹی کے ایک جواب میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ 2025 میں ملک گیر سطح پر ایس آئی آر شروع کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔‘‘ بعد ازاں وہ لکھتے ہیں ’’اس کے باوجود کمیشن نے بعد میں 26 اکتوبر اور 4 نومبر کو داخل کیے گئے حلف ناموں میں دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر سے متعلق فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے تھے۔‘‘ یہ نکات پیش کرنے کے بعد وہ سوال کرتے ہیں کہ ’’یہ فیصلے آخر کب، کیسے اور کس نے کیے تھے؟‘‘

پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ اب تک الیکشن کمیشن نے ان فیصلوں کی منظوری کے عمل کو ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن کی درخواست میں سپریم کورٹ کے ضابطوں کے ’آرڈر پنجم، قاعدہ 1‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کچھ اہم سوالات کے باضابطہ جوابات طلب کیے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے یہ بھی بتایا کہ مطلوبہ معلومات خود الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔ ان معلومات کو روکنے کا مطلب یہ ہوگا کہ سپریم کورٹ کو آئینی اہمیت کے حامل انتہائی اہم سوالات پر فیصلہ کرتے وقت اہم شواہد تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔ پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ ’’یہ معاملہ صرف ایس آئی آر کے طریقۂ کار تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کا تعلق الیکشن کمیشن کی ادارہ جاتی جوابدہی، خود مختاری اور ساکھ جیسے بنیادی امور سے ہے۔ اور کمیشن کو قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔