الیکشن کمیشن آج سہ پہر 3.30 بجے کرے گا 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے آج آئندہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جا رہا ہے، اس مرتبہ انتخابی عمل کورونا پروٹوکول کی پاسداری کرتے ہوئے مکمل کرایا جائے گا

الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس
الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: الیکشن کمیشن آج سہ پر 3.30 بجے اتر پردیش، پنجاب، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کا اعلان ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شروع ہو چکی ہے۔ الیکشن کمیشن اس تعلق سے کہہ چکا ہے کہ تمام جماعتیں وقت پر انتخابات کرانا چاہتی ہیں، لہذا الیکشن ملتوی نہیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کے دوران کورونا کے خطرے کے پیش نظر حال ہی میں الیکشن کمیشن اور وزارت صحت کے اعلیٰ حکام کا ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ووٹرز اور ملازمین کی مکمل ٹیکہ کاری کو لازمی قرار دیا جائے۔ اس بار انتخابات میں سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی طرح کی قابل اعتراض پوسٹ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکورٹی کے پیش نظر ریاستوں کی سرحدوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔


پرامن اور منصفانہ انتخابات کرانا ترجیح: آئی جی وارانسی زون

دریں اثنا، اترپردیش میں وارانسی ڈیویژن کے نو تقرر شدہ پولیس انسپیکٹر جنرل (آئی جی) کے ستیہ نارائن نے کہا ہے کہ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کو پرامن اور منصفانہ طریقے سے مکمل کرانا بڑی ذمہ داری ہے اور اسے اولین ترجیح دیتے ہوئے پورا کیا جائے گا۔

ستیہ نارائن نے جمعہ کو جونپور کا دورہ کر کے انتخابی پس منظر کو دیکھتے ہوئے ضلع کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) اجے کمار ساہنی کے ساتھ دیگر افسروں سے مل کر الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ اور پُرامن الیکشن مکمل کرانا ان کی ترجیح ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔