الیکشن کمیشن نے ترنمول کانگریس کے وفد کو ملنے کے لیے جمعہ کو بلایا، ڈیریک او برائن نے مانگا تھا وقت
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’’کمیشن مثبت بات چیت کے لیے سیاسی پارٹیوں کا ہمیشہ استقبال کرتا ہے۔ اسی کے تحت کمیشن نے 28 نومبر کی صبح 11 بجے میٹنگ کے لیے ٹی ایم سی کو وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

مغربی بنگال میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے درمیان ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ایک وفد کو الیکشن کمیشن نے جمعہ کو بلایا ہے۔ مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ٹی ایم سی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے ملنے کا وقت مانگا گیا تھا۔ پارٹی کی سربراہ ممتا بنرجی کو لکھے گئے خط میں الیکشن کمیشن نے پیر کو کہا کہ ’’ترنمول وفد جمعہ (28 نومبر) کو صبح 11 بجے اعلیٰ افسران سے مل سکتا ہے۔‘‘
الیکشن کمیشن نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ترنمول لیڈر ڈیریک او برائن نے پارٹی اراکین پارلیمنٹ کے ایک وفد کو ملنے کے لیے وقت دینے کی گزارش کی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’’کمیشن مثبت بات چیت کے لیے سیاسی پارٹیوں کا ہمیشہ استقبال کرتا ہے۔ اسی کے تحت کمیشن نے پارٹی کی گزارش پر غور کیا ہے اور 28 نومبر کی صبح 11 بجے میٹنگ کے لیے پارٹی کے مجاز نمائندہ اور 4 دیگر ارکان پر مشتمل وفد کو ملاقات کے لیے وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی ایم سی لیڈر ڈیریک او برائن نے اتوار کو کمیشن کو خط لکھ کر وقت مانگا تھا۔ یہ مجوزہ میٹنگ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار کو خط لکھ کر حال کے 2 معاملوں میں ان کی فوری مداخلت کے مطالبہ کے پس منظر میں ہوگا۔ ممتا بنرجی نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کو ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے اس حکم کا حوالہ دیا کہ ایس آئی آر یا دیگر انتخاب سے متعلق کاموں کے لیے معاہدہ شدہ ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور بنگلہ ہیلپ سنٹر کے عملوں کو شامل نہ کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے جس دوسرے معاملہ کا حوالہ دیا تھا، وہ نجی رہائشی احاطے کے اندر پولنگ مراکز قائم کرنے کے متعلق الیکشن کمیشن کی تجویز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔