دہلی-میرٹھ کا فاصلہ اب صرف 45 منٹ میں ہوگا پورا، ایکسپریس وے کا کام مکمل

میرٹھ ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام کل 8346 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت کل 82 کلومیٹر طویل روٹ کا کام کیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ئی دہلی: دوسرے اور چوتھے فیز کا کام مکمل ہونے کے بعد دہلی- میرٹھ ایکسپریس وے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اب مسافر صرف 45 منٹ میں دہلی سے میرٹھ پہنچ سکیں گے۔ اس پہلے اس مسافت کو طے کرنے کے لئے ڈھائی سے تین گھنٹے لگتے تھے۔ جمعرات کے روز مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے عوام کے لئے دہلی - میرٹھ ایکسپریس وے کا کام مکمل ہونے پر عوام کے لئے کھولے جانے کا اعلان کیا۔ اس ایکسپریس وے پر کار کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اور بڑی گاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کی اجازت ہوگی۔

دہلی - میرٹھ ایکسپریس وے کے کھولے جانے کے بعد اہم راستوں پر جام اور آلودگی کے مسائل ختم ہوجائیں گے۔ دہلی - میرٹھ ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام کل 8346 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت کل 82 کلومیٹر طویل روٹ کا کام کیا گیا ہے، جس میں ایکسپریس وے کی کل لمبائی 60 کلومیٹر اور قومی شاہراہ کی لمبائی 22 کلومیٹر ہے۔ اس منصوبے کا پہلا اور تیسرا مرحلہ پہلے ہی مکمل ہوچکا تھا، فی الحال دوسرے اور چوتھے مرحلے کی تکمیل کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔


دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے منصوبے کی تعمیر میں کل 24 چھوٹے، بڑے پل اور 10 فلائی اوور پل تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس شاہراہ کا شہری علاقوں سے گزر ہونے کی وجہ سے روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ اس شاہراہ پر 4500 سے زیادہ لائٹس لگائی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے مد نظر کیمروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس ایکسپریس وے کو اسمارٹ ایکسپریس وے کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ دہلی سے میرٹھ جاتے ہوئے، سرائے کالے خان، اکشردھام مندر، اندرا پورم ، ڈاسنا، بھوج پور اور میرٹھ میں داخل ہونے اور نکلنے کے راستے بنائے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔