دہلی ہائی کورٹ نے نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کو ’نو ہاکنگ، نو وینڈنگ زون‘ قرار دیا
جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ کی ڈویژن بنچ نے پایا کہ نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر میں اس وقت 400 سے زیادہ وینڈرز وینڈنگ کر رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر واضح طور پر غیر مجاز ہیں۔

دہلی ہائی کورٹ نے نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کے ایک خاص حصے کو چھوڑ کر باقی پورے علاقے کو نو ہاکنگ زون اور نو وینڈنگ زون قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے 90 شناخت شدہ وینڈرز کو تب تک کسی دوسری جگہ سے کام کرنے کی اجازت دی ہے جب تک کہ ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی-2 ان کے وینڈنگ حقوق پر کوئی فیصلہ نہیں لے لیتی۔ جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ کی ڈویژن بنچ نے نہرو پلیس علاقے میں ہاکنگ اور وینڈنگ سرگرمیوں سے متعلق کئی عرضیوں اور توہین عدالت کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے یہ ہدایت دی۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ عرضی گزاروں اور مدعا علیہان کے ذریعہ ریکارڈ پر رکھی گئی 26 ستمبر کی تصاویر سے کوئی شک نہیں رہ جاتا کہ نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کو نو ہاکنگ اور نو وینڈنگ زون قرار دینے کے فیصلے کی تصدیق کی جانی چاہیے۔ اس فیصلے میں ’اسٹریٹ وینڈرز ایکٹ 2014‘ کے تحت کچھ وینڈرز کو ملنے والے تحفظ اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ ساتھ ہی ’نو وینڈنگ زون‘ سے ہٹائے گئے وینڈرز کو کام کرنے کے قابل متبادل جگہ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ مذکورہ فیصلے کے مطابق اگر اسٹریٹ وینڈرز ’نو وینڈنگ زون‘ میں وینڈنگ کر رہے ہیں تو ایم سی ڈی یا متعلقہ اتھارٹی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں ’نو وینڈنگ زون‘ سے ’وینڈنگ زون‘ میں منتقل ہونے میں مدد کرے، تاکہ اسٹریٹ وینڈرز کو کام کرنے کے قابل متبادل جگہ مل سکے اور وہ اپنی روزی روٹی کما سکیں۔
دہلی ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے 9 اپریل 2026 کے فیصلے کا حوالہ دے رہا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وینڈرز کو ہٹانے کا کام احتیاط، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے ساتھ کیا جانا چاہیے اور افسران کو انہیں مقررہ ’وینڈنگ زون‘ میں منتقل ہونے میں فعال طور پر مدد کرنی چاہیے۔ بنچ نے پایا کہ نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر میں اس وقت 400 سے زیادہ وینڈرز وینڈنگ کر رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر واضح طور پر غیر مجاز ہیں۔ بنچ نے متعلقہ کارروائی میں 90 وینڈرز کی شناخت کی، جنہیں ضروری تحفظ یا تسلیم شدہ حیثیت حاصل ہے۔
جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ جہاں تک نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کے علاقے کا تعلق ہے تو اوپر ’ایکس‘ کے طور پر نشان زد حصے کو چھوڑ کر، پورے نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کو ’نو ہاکنگ زون اور نو وینڈنگ زون‘ قرار دیا جاتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ 12 اکتوبر کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن علاقے سے تمام غیر مجاز وینڈرز کو ہٹانے کے لیے آزاد ہوگا۔ عدالت نے دہلی فائر سروس کو بھی ہدایت دی کہ غیر مجاز وینڈرز کو ہٹائے جانے کے بعد وہ نہرو پلیس ڈسٹرکٹ سنٹر کا معائنہ کرے اور تعمیلی رپورٹ داخل کرے۔ دہلی پولیس کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایم سی ڈی اور ڈی ڈی اے کا تعاون کرے۔ دہلی فائر سروس کی تعمیل رپورٹ پر غور کرنے کے لیے یہ معاملہ 30 نومبر کو لسٹ کیا جائے گا۔
