برج بھوشن کو عدالت نے دیا جھٹکا، خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال معاملہ میں الزام طے کرنے کا حکم

راؤز ایونیو کورٹ کی ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ پرینکا راجپوت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ برج بھوشن کے خلاف الزام طے کرنے کے لیے موافق ثبوت موجود ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈر برج بھوشن شرن سنگھ کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب عدالت نے خاتون پہلوانوں کے ساتھ مبینہ جنسی استحصال معاملہ میں الزام طے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے برج بھوشن کے سکریٹری ونود تومر کے خلاف بھی الزام طے کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

راؤز ایونیو کورٹ کی ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ پرینکا راجپوت نے اس تعلق سے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ برج بھوشن کے خلاف الزام طے کرنے کے لیے موافق ثبوت موجود ہیں۔ برج بھوشن کے خلاف دفعہ 354 (کسی خاتون کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کے ارادہ سے اس پر حملہ یا مجرمانہ قوت)، 354-اے (جنسی استحصال) اور دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت الزام طے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے ونود تومر کے خلاف 506(1) کے تحت الزام طے کرنے کی ہدایت دی ہے۔


اس معاملے میں اگلی سماعت کے لیے 21 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اس دن 2 بجے ملزمین کو آ کر دستخط کرنے ہوں گے۔ عدالت نے برج بھوشن کو چھٹی پہلوان کی طرف سے عائد کیے گئے الزامات سے بری کر دیا ہے، لیکن باقی پانچ خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال معاملے میں دہلی کی عدالت نے برج بھوشن کے خلاف الزام طے کرنے کا حکم جاری کر بی جے پی لیڈر کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

عدالت کے ذریعہ برج بھوشن کے خلاف الزام طے کرنے کا حکم جاری کیے جانے کے بعد مشہور پہلوان بجرنگ پونیا کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’برج بھوشن پر الزام طے ہو گئے ہیں۔ عزت مآب عدالت کا شکریہ۔ خاتون پہلوانوں کی جدوجہد کی بہت بڑی جیت ہے۔ ملک کی بیٹیوں کو اتنے مشکل وقت سے گزرنا پڑا ہے، لیکن یہ فیصلہ راحت دے گا۔ جن لوگوں نے خاتون پہلوانوں کو ٹرول کیا تھا، ان کو بھی شرم آنی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔