ملک کو جلد ایک اور کورونا ویکسین حاصل ہوگی، سِپلا کو موڈرنا کے ٹیکے درآمد کرنے کی اجازت

ہندوستانی دواساز کمپنی سِپلا نے پیر کے روز امریکی فارما کمپنی کی جانب سے ان ٹیکوں کو درآمد کرنے اور ان کی مارکیٹنگ کرنے کا اختیار فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

موڈرنا ویکسین / Getty Images
موڈرنا ویکسین / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کو جلد ہی کورونا کی ایک اور ویکسین حاصل ہونے جا رہی ہے، کیونکہ ڈی سی جی آئی (ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا) نے دوا ساز کمپنی کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کے لئے موڈرنا کے ٹیکے درآمد کرنے کی منظوری فراہم کر دی ہے۔ کوی شیلڈ، کوویکسین اور اسپوتنک وی کے بعد موڈرنا کا ٹیکہ ہندوستان میں دستیاب ہونے والا کووڈ-19 کا چوتھا ٹیکہ ہوگا۔

اے بی پی نیوز پر شائع ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا کہ ’’ڈی جی سی آئی نے ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے تحت نئی دوا اور طبی آزمائش سے متعلق ضابطہ 2019 کے مطابق سِپلا کو محدود ہنگامی حالات میں استعمال کے لئے موڈرنا کے کووڈ-19 کے ٹیکے کو درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔


موڈرنا نے ایک مکتوب میں 27 جون کو ڈی جی سی آئی کو اطلاع دی تھی کہ امریکی حکومت یہاں استعمال کے لئے کووڈ-19 کے ٹیکے کی ایک خصوصی تعداد میں خوراک ’کوویکس‘ کے ذریعے ہندوستانی حکومت کو عطیہ کرنے پر متفق ہوگئی ہے۔ نیز، اس نے اس کے لئے سی ڈی ایس سی او (سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرولر آرگانائزیشن) سے منظوری طلب کی ہے۔

ہندوستانی دواساز کمپنی سِپلا نے پیر کے روز امریکی فارما کمپنی کی جانب سے ان ٹیکوں کو درآمد کرنے اور ان کی مارکیٹنگ کرنے کا اختیار فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کوویکس کووڈ -19 کے ٹیکے کی منصفانہ تقسیم کے لئے لیا گیا ایک عالمی اقدام ہے۔ ایک افسر نے کہا کہ ہنگامی صورت حال میں محدود استعمال کے لئے یہ منظوری عوامی مفاد میں دی گئی ہے۔ کمپنی کو ٹیکہ کاری پروگرام سے قبل ابتدائی 100 افراد کو ٹیکے کے حوالہ سے دی گئی حفاظت کا جائزہ سونپنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔