کیرالہ کی کانگریس قیادت والی حکومت نے ریاستی وقف بورڈ کی از سر نو تشکیل کی
نئے وقف بورڈ میں مسلم لیگ کے لیڈر ایم سی معین حاجی کو صدر بنایا گیا ہے۔ نو تشکیل کیرالہ وقف بورڈ میں آئی یو ایم ایل رکن اسمبلی کروکولی معیدین کو رکن بنایا گیا ہے جبکہ 2 اراکین کی تقرری ابھی باقی ہے۔

کیرالہ کی کانگریس قیادت والی یو ڈی ایف حکومت نے ریاستی وقف بورڈ کی تشکیل نو کر دی ہے۔ مسلم لیگ کے لیڈر ایم سی معین حاجی کو اس نئے وقف بورڈ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ کیرالہ حکومت نے وقف بورڈ کی تشکیل نو ایسے وقت میں کی ہے جب گزشتہ وقف بورڈ کے اراکین کی اہلیت سے متعلق عرضی ہائی کورٹ میں داخل کی جا چکی ہے۔
نئے وقف بورڈ میں آئی یو ایم ایل (انڈین یونین مسلم لیگ) کے رکن اسمبلی کروکولی معیدین کو رکن بنائے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ حالانکہ بورڈ میں 2 اراکین کی تقرری ابھی نہیں کی گئی ہے۔ نئے قانون میں 2 غیر مسلم اراکین کی تقرری کا التزام ہے۔ ان دونوں اراکین کی تقرری سپریم کورٹ کے آئندہ کے احکامات کی بنیاد پر کی جائے گی۔ دراصل وقف بورڈ کے لیے 2 غیر مسلم اراکین کی تقرری سے متعلق التزام تنازعہ کا شکار بن گیا ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور کیرالہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلہ کا انتظار کرے گی۔ یعنی عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد بقیہ 2 اراکین کی تقرری کی جائے گی۔
اس سے قبل ریاست میں ایل ڈی ایف کی گزشتہ حکومت طرف سے وقف بورڈ کی تقرری کی گئی تھی۔ اس وقف بورڈ کا 4 سال مکمل ہونا ابھی باقی تھا۔ اسی دوران بورڈ کے اراکین کی اہلیت کو چیلنج دیتے ہوئے ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کر دی گئی۔ پرانے بورڈ کی مدت کار باقی ہونے اور اس کے اراکین کی اہلیت سے جڑی عرضی عدالت میں ہونے کے درمیان ہی ریاست کی نئی یو ڈی ایف حکومت نے نئے وقف بورڈ کی تشکیل سے متعلق قدم اٹھا دیا۔ بہرحال، یو ڈی ایف حکومت نے ایم سی معین حاجی کو نئے وقف بورڈ کا سربراہ بنا دیا ہے اور کروکولی معیدین بورڈ کے رکن بن گئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
