کانگریس نے کی ’ٹاسک فورس-2024‘ کی تشکیل، پرینکا گاندھی بھی شامل

کانگریس کے ذریعہ جاری خط میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس کے ہر رکن کو تنظیم، مواصلات و میڈیا، مالیات و الیکشن مینجمنٹ سے متعلق کام سونپا جائے گا، ان اراکین کی اپنی ٹیمیں ہوں گی۔

کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
user

تنویر

ہندوستانی سیاست میں ایک بار پھر خود کو مضبوطی فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت کانگریس نے ’نو سنکلپ چنتن شیویر‘ کے بعد کچھ اہم اقدامات کیے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق کانگریس نے پالیٹیکل افیئر گروپ اور ٹاسک فورس-2024 تشکیل دی ہے جس میں کئی سرکردہ لیڈروں کو شامل کیا گیا ہے۔ پالیٹیکل افیئر گروپ میں جہاں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو شامل کیا گیا ہے، وہیں ٹاسک فورس-2024 میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی شامل ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مذکورہ گروپس میں کچھ باغی لیڈروں کو بھی جگہ دی ہے۔ مذکورہ دو گروپوں کے علاوہ ایک تیسرا گروپ بھی تیار کیا گیا ہے جس کا تعلق ’بھارت جوڑو یاترا‘ سے ہے۔ اس میں دگوجے سنگھ، سچن پائلٹ، ششی تھرور، رنجیت سنگھ بٹو، کے جے جارج، جوتھی مانی، پردیوت بولدولوئی، جیتو پٹواری، سلیم احمد کو جگہ ملی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے ذریعہ تشکیل پالیٹیکل افیئر گروپ میں راہل گاندھی کے علاوہ ملکارجن کھڑگے، غلام نبی آزاد، امبیکا سونی، دگوجے سنگھ، آنند شرما، کے سی وینوگوپال، جتیندر سنگھ شامل ہیں۔ دوسری طرف ٹاسک فورس-2024 میں پرینکا گاندھی کے علاوہ پی چدمبرم، مکل واسنک، جئے رام رمیش، کے سی وینوگوپال، اجئے ماکن، رندیپ سنگھ سرجے والا، سنیل کونگولو شامل ہیں۔ کانگریس کے ذریعہ جاری خط میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس کے ہر رکن کو تنظیم، مواصلات و میڈیا، مالیات و الیکشن مینجمنٹ سے متعلق کام سونپا جائے گا۔ ان اراکین کی اپنی ٹیمیں ہوں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔