’جس وزیر اعلیٰ کو یہ بھی علم نہیں کہ الیکشن لڑ کر اسمبلی میں کب پہنچنا ہے، وہ عوام کا کیا فائدہ کرے گا!‘

اتراکھنڈ میں وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرنے کے معاملہ پر سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے ایک ویڈیو بیان جاری کر کے کہا کہ بی جے پی نے اپنے دو لیڈران کی صورت حال مضحکہ خیز بنا دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کانگریس نے ریاست میں وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرنے کے معاملہ میں بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اتراکھنڈ کانگریس کے نائب صدر دھیریندر پرتاپ نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے وقار کو تار تار کر دیا ہے۔ جبکہ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنے ہی دو لیڈران کی صورت حال مضحکہ خیز بنا دی ہے۔

اتراکھنڈ میں وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت کے گورنر کو استعفیٰ سونپے جانے کے بعد سیاسی ہلچل کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ہریش راوت نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے طنز کیا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’سال 2017 میں برسراقتدار آنے والی اتراکھنڈ بی جے پی نے اپنے دو لیڈران کی صورت حال مضحکہ خیز بنا دی ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا، ’’دونوں ہی بھلے آدمی ہے۔ تریویندر سنگھ کو بجٹ اجلاس کے درمیان ہی تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا گیا، جبکہ وزارت خزانہ بھی انہی کے پاس تھی اور بجٹ پر بحث کا جواب بھی انہی کو دینا تھا۔ بجٹ انہی کو منظور کرانا تھا۔ اس جلد بازی میں بجٹ بھی پاس ہوا اور تریویندر سنگھ کی وداعی بھی ہو گئی اور اتنے ہی بھلے آدمی تیرتھ سنگھ راوت وزیر اعلیٰ بنے۔ تیرتھ سنگھ راوت کی صورت حال بیانوں نے خراب کی اور جو کسر باقی رہی وہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے پوری کر دی۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’اعلیٰ قیادت کے الیکشن لڑنے کے سوال پر فیصلہ نہیں لینے کی وجہ سے صورت حال مضحکہ خیز بن گئی، وہ مذاق کا موضوع بن کر رہ گئے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے وزیر اعلیٰ کو جب اسی بات کا علم نہیں تھا کہ ان کو کب چناؤ لڑ کر اسمبلی پہنچنا ہے تو یہ شخص ہمارا کیا فائدہ کرے گا۔‘‘


قبل ازیں، اتراکھنڈ کانگریس کے نائب صدر دھیریندر پرتاپ نے جمعہ کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ ساڑھے چار سال کی حکومت میں بی جے پی نے دو دو وزیراعلی بنائے اور اب تیسرے وزیر اعلی کو مقرر کئے جانے کی قیاس آرائیاں ہیں۔ پرتاپ نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ریاست میں وزیر اعلی عہدے کے وقار گرا دیا ہے اور ایسا صاف لگ رہ اہے کہ ریاست میں جلد ہی 11 ویں شخص کو وزیر اعلی کے عہدے پر بٹھانے کی تیاری کی جا چکی ہے۔

انہوں نے سابق وزیراعلی تریویندر سنگھ راوت اور وزیر اعلی تیرتھ سنگھ راوت کو اتراکھنڈ کے 20 سال کی سیاسی تاریخ کا سب سے ناکام وزیر اعلی بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں لیڈروں نے نئے سیکھنے والوں کی طرح رویہ دکھایا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی قانون ساز پارٹی کی قیادت خالی پن کا شکار ہے اور ان میں ایک بھی شخص ایسا اہل نہیں ہے جو ریاست کی صحیح طریقے سے قیادت کر سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔