منی پور کے وزیر اعلیٰ نے موسلادھار بارش و ژالہ باری کے سبب اسکول-کالج میں 2 دنوں کی تعطیل کا کیا اعلان

کل منی پور کے کئی حصوں میں زوردار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے سبب کئی گھر متاثر ہوئے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، بعد ازاں محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی ریاستوں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>منی پور میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کا منظر</p></div>

منی پور میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کا منظر

user

قومی آوازبیورو

منی پور میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے سبب عوام کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ خراب موسم کو دیکھتے ہوئے منی پور کے وزیر اعلیٰ نے اسکول و کالج کو دو دن (6 اور 7 مئی) کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے منی پور سمیت کئی شمال مشرقی ریاستوں میں منگل تک زیادہ سے بہت زیادہ بارش کا آرینج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے منی پور کے وزیر اعلیٰ این. بیرین سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی مدد کریں گے اور ریاستی حکومت کی طرف سے ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار کو منی پور کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ اس دوران کئی گھر بری طرح متاثر ہوئے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بعد ازاں محکمہ موسمیات نے بھی منی پور سمیت دیگر شمال مشرقی ریاستوں کو الرٹ جاری کر دیا۔ منگل تک موسلادھار بارش کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے آرنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


منی پور میں پیدا مشکل حالات اور محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ این. بیرین سنگھ نے اسکول و کالج میں دو دنوں کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’میں گزارش کرتا ہوں کہ لوگ گھروں کے اندر محفوظ رہیں، ساتھ ہی موسم کے بارے میں جانکاری رکھیں۔ ریاست میں جان و مال کی سیکورٹی اور موسم سے متاثر لوگوں کی مدد کے لیے ریاستی حکومت ضروری قدم اٹھائے گی۔‘‘

ایک افسر نے منی پور میں بارش سے ہوئی تباہی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امپھال کے کانچی پور سمیت کئی علاقوں میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ برف پڑنے سے ٹن کی چھتوں میں سوراخ بھی ہو گئے ہیں۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی علاقوں میں کچے گھر، جھونپڑی وغیرہ اڑ گئے۔ کچھ علاقوں میں تو برف کی موٹی چادر بچھی ہوئی دکھائی دی۔ ژالہ باری سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔