مرکزی حکومت اہم عہدوں پر پرائیویٹ سیکٹر کے 25 ماہرین کی کرے گی تقرری، اپوائنٹمنٹ کمیٹی نے دی منظوری

براہ راست تقرری منصوبہ کا آغاز 2018 میں کیا گیا تھا، اس کے تحت جوائنٹ سکریٹری، ڈائریکٹر اور ڈپٹی سکریٹری کی سطح پر بھرتی کی جاتی ہے، ان سطحوں پر افسران پالیسیاں بنانے میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جلد ہی پرائیویٹ سیکٹر کے 25 ماہرین مرکز میں اہم عہدوں پر تقرری حاصل کرنے والے ہیں۔ مرکزی حکومت نے اس تعلق سے پیش رفت کی جسے اپوائنٹمنٹ کمیٹی کی منظوری بھی مل گئی ہے۔ یہ سبھی ماہرین مودی حکومت کے دیرینہ منصوبوں کو سہل اور بہتر بنانے کا کام کریں گے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز مرکزی افسران نے جانکاری دی۔

افسران کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی کابینہ کی اپوائنٹمنٹ کمیٹی (اے سی سی) نے مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں تین جوائنٹ سکریٹریز اور بائیس ڈائریکٹرس/ڈپٹی سکریٹریز کی تقرری کو منظوری دی ہے۔ حالانکہ عام طور پر جوائنٹ سکریٹری، ڈائریکٹر اور ڈپٹی سکریٹری کے عہدے آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف او ایس اور گروپ اے کی دیگر سروسز کے افسران کے پاس ہوتے ہیں۔


بہرحال، افسران نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ماہرین کی براہ راست تقرری کی جا رہی ہے جس کا مقصد حکومت میں نئی صلاحیتوں کو شامل کرنا ہے۔ براہ راست تقرری منصوبہ کا افتتاح 2018 میں کیا گیا تھا۔ اس کے تحت جوائنٹ سکریٹری، ڈائریکٹر اور ڈپٹی سکریٹری کی سطح پر بھرتی کی جاتی ہے۔ ان سطحوں پر افسران پالیسیاں بنانے میں اہم کردار نبھاتے ہیں۔ اس عمل سے تقرری پانے والے افسران بعد میں سرکاری سسٹم کا اہم حصہ بن جاتے ہیں۔

وزارت برائے پرسونل نے جون 2018 میں پہلی بار براہ راست تقرری کے ذریعہ دس جوائنٹ سکریٹری رینک کے عہدوں کے لیے درخواست جاری کیا تھا۔ ان عہدوں کے لیے بھرتی یو پی ایس سی نے کی تھی۔ افسران نے بتایا کہ کمیشن نے اکتوبر 2021 میں پھر سے مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں جوائنٹ سکریٹری (تین)، ڈائریکٹر (انیس) اور ڈپٹی سکریٹری (نو) کی شکل میں تقرری کے لیے اکتیس امیدواروں کی سفارش کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اب تک دس جوائنٹ سکریٹریز اور اٹھائیس ڈائریکٹرس یا ڈپٹی سکریٹریز سمیت پرائیویٹ سیکٹر کے مجموعی طور پر اڑتیس ماہرین حکومت سے منسلک ہوئے ہیں۔ اس وقت آٹھ جوائنٹ سکریٹریز، سولہ ڈائریکٹرس اور نو ڈپٹی سکریٹریز سمیت تینتیس ایسے ماہرین اہم سرکاری محکموں میں کام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔