26 جنوری کی تقریب میں شامل نہیں ہوں گے برطانوی وزیر اعظم، دورۂ ہند رد

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو یوم جمہوریہ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شریک ہونا تھا، لیکن برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے اثرات اور نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر انھوں نے اپنا یہ دورہ رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بورس جانسن، تصویر آئی اے این ایس
بورس جانسن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

26 جنوری کو منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ تقریبات میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو شرکت کرنا تھا، لیکن انھوں نے اب اس سے معذرت کر لی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جانسن نے اپنا دورۂ ہند رد کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا ہے کہ وہ 2021 کی پہلی چھ ماہی میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنائیں گے۔

دراصل برطانوی وزیر اعظم کو یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا اور انھوں نے رضامندی بھی ظاہر کر دی تھی۔ لیکن برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے اثرات اور نافذ ہوئے لاک ڈاؤن کے پیش نظر انھوں نے اپنا یہ دورہ رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے آج صبح پی ایم مودی سے بات کی اور معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوم جمہوریہ تقریبات میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔


قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین تیزی کے ساتھ پھیل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں ایک بار پھر سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ منگل کے روز برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ جتنی تیزی کے ساتھ انفیکشن پھیل رہا ہے، وہ انتہائی فکر انگیز ہے اور فی الحال ملک کے اسپتالوں پر وبا کا سب سے زیادہ دباؤ ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کی نئی لہر سے نبرد آزما ہونے کے لیے برطانیہ میں سبھی اسکولوں اور کاروباروں کو بند کرنے سے متعلق اسکاٹ لینڈ کا نیا قانون منگل سے نافذ ہو گیا ہے جب کہ برطانیہ کا قانون بدھ کی صبح سے اثرانداز ہوگا۔ اس درمیان جانسن نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ گھروں سے کام کرنے کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ نئے قانون کے فروری وسط تک نافذ رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔