امریکہ سے اغوا شدہ 4 ہند نژاد افراد کی لاشیں برآمد، مرنے والوں میں 8 ماہ کی بچی بھی شامل

امریکہ میں اغوا شدہ ہند نژاد خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، اس خاندان کو پیر کے روز اغوا کیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا، جس نے خودکشی کی کوشش کی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیلیفورنیا: امریکہ کے کیلیفورنیا میں اغوا ہونے والے ہند نژاد خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ مہلوکین میں ایک 8 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ مرسڈ کاؤنٹی کے شیرف ورن وارنیک نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں اسی علاقے سے برآمد کی گئی ہیں اور یہ واقعہ انتہائی خوفناک ہے۔

جن اغوا شدہ افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں ان میں 36 سالہ جسدیپ سنگھ، ان کی بیوی جسلین کور (27)، ان کی آٹھ ماہ کی بیٹی آروہی ڈھیری اور ایک 39 سالہ شخص امندیپ سنگھ شامل ہیں۔

امریکی حکام نے کہا تھا کہ چاروں افراد کو 3 اکتوبر کو ساؤتھ ہائی وے 59 کے 800 بلاک سے جبراً اغوا کیا گیا تھا۔ حکام نے کسی مشتبہ شخص کا نام نہیں لیا۔ معلومات کے مطابق متاثرہ خاندان کا امریکہ میں اپنا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے اور یہ خاندان پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے ٹانڈہ کے ہرسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔


اس سے قبل کیلیفورنیا پولیس نے اس معاملے میں ایک 48 سالہ شخص کو حراست میں لیا تھا، جس نے خودکشی کی کوشش کی اور اب اس کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق جاسوسوں کو منگل کی صبح اطلاع ملی کہ مرسڈ کاؤنٹی کے ایٹ واٹر میں واقع ایک اے ٹی ایم میں متاثرہ کا بینک کارڈ استعمال کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پیر کو کیلیفورنیا کے فائر حکام نے مرسڈ کے باہر دیہی علاقے میں جلی ہوئی حالت میں امندیپ سنگھ کا ٹرک برآمد کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ اغوا کاروں نے آگ لگا کر شواہد کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */