بی جے پی پیسے کے زور پر انتخابات میں کامیاب ہونا چاہتی ہے: گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو دنیا کی سب سے امیر پارٹی بتاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو گمراہ کرکے اور دولت کے زور پر الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت / ٹوئٹر / @ashokgehlot51
وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت / ٹوئٹر / @ashokgehlot51
user

یو این آئی

جئےپور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر لوگوں کو گمراہ اور پیسے کے زور پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی خواہش رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس امیدوار کے کامیاب ہونے پر ریاستی حکومت مضبوط ہوگی اور کام کرنے میں کوئی کمی نہیں رکھی جائے گی۔ اشوک گہلوت آج ضلع چورو کے سجان گڑھ میں کانگریس امیدوارمنوج کمار میگھوال کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام میں بول رہے تھے۔

انہوں نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ملک میں آج ماحول بگڑا ہوا ہے اور مخالفین کو جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹوں کاغلبہ ہوتا ہے۔ بی جے پی کو کسانوں کی برکت سے پارلیمنٹ میں اکثریت ملی ہے۔ مرکزی حکومت کسانوں کی نہیں سن رہی ہے جبکہ اسے کسانوں کو بلاکر ان سے بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زراعت کے تینوں قوانین کو نافذ نہیں کرپائے گی۔ انہوں نے کہا بی جے پی اور کانگریس کی سوچ میں فرق ہے۔


انہوں نے کہا کہ بی جے پی نچلی سطح کی تنقید کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوتی ہے جب اپوزیشن مضبوط ہوگا اور وہ کمیاں بتائے گا تو انہیں درست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو دنیا کی سب سے امیر پارٹی بتاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو گمراہ کرکے اور دولت کے زور پر الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ کام کرنے میں کوئی کمی نہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماسٹر بھنورلال میگھوال کا انتقال یہاں کی خدمت کرتے کرتے ہی ہوا ہے۔ وہ ایک صاف شبیہ کے آدمی تھے۔ ان کا انتقال کانگریس کے لئے ناقابل تلافی نقصان بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے سجان گڑھ سے منوج میگھوال پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوتے ہیں تو حکومت مضبوط ہوگی اور ترقی کے مزید کام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان کی ترقی، کسان اورغریب کے مفادات کی حفاظت کے لئے کانگریس کو جیتنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔