’ون نیشن، ون الیکشن' پر مرکز کا اہم اقدام، سابق صدر  کووند کی صدارت میں تشکیل دی کمیٹی

’ایک ملک، ایک انتخابات ‘ کے حوالے سے یہ کمیٹی ایسے وقت میں بنائی گئی ہے جب مرکزی حکومت نے 18 سے 22 ستمبر کے درمیان پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے 'ون نیشن، ون الیکشن' کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سابق صدر رام ناتھ کووند کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی قانون کے تمام پہلوؤں پر غور کرے گی اور ایک ملک، ایک الیکشن کے امکانات کا جائزہ لے گی اور عوام کی رائے بھی لے گی۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق پینل میں اور کس کو شامل کیا جائے گا اس بارے میں ابھی تک معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ممبران سے متعلق نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ ون نیشن، ون الیکشن کے آئیڈیا کا مطلب ہے ملک میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات۔


مرکزی حکومت نے 18-22 ستمبر کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ مرکزی حکومت خصوصی اجلاس کے دوران’ ایک ملک، ایک انتخاب ‘سے متعلق بل پیش کر سکتی ہے۔

آنے والا خصوصی اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے 9 سالوں میں اس طرح کا پہلا خصوصی اجلاس ہوگا۔ اس سے پہلے 30 جون 2017 کو جی ایس ٹی کو لاگو کرنے کے لیے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی ایک خصوصی مشترکہ میٹنگ آدھی رات کو بلائی گئی تھی۔

پارلیمنٹ میں 18 ستمبر سے طلب کیا گیا یہ 5 روزہ مکمل اجلاس ہوگا، جس میں 5 نشستیں ہوں گی۔ اس میں دونوں ایوانوں (لوک سبھا اور راجیہ سبھا) کی الگ الگ مشستیں ہوں گی، جیسا کہ عام اجلاس  کے دوران ہوتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔