دہلی میں کورونا کے حالات بہتر، ہمیں مزید بہتری لانی ہے: کیجریوال

کیجریوال نے کہا کہ آج دہلی میں صرف 5800 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔ پچھلے ہفتے کے مقابلے 400 مریض اسپتالوں میں کم داخل ہوئے ہیں۔ اگر مریضوں کی تعداد بڑھتی بھی ہے تو ہم نے 15000بیڈ کا انتطام کرلیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو کہا کہ دہلی میں سبھی کے مل کر کام کرنے اور محنت کرنے سے اب کورونا کے سلسلے میں حالات بہتر ہیں لیکن ہمیں اسے اور اچھا کرنا ہے۔ کیجریوال نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دہلی میں 100 لوگوں کی کورونا جانچ کی جاتی تھی تو اس میں سے 31 لوگ کورونا سے پازیٹو پائے جاتے تھے۔ اب 100 لوگوں کی جانچ میں صرف 13 لوگ ہی پازیٹو آر ہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں کورونا کے سلسلے میں حالات اب قابو میں ہیں، لیکن ہمیں اسے اور اچھا کرنا ہے۔ سبھی کے مل کر کام کرنے اور محنت سے اب دہلی میں حالات بہتر ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پہلے 30 جون تک 60,000 فعال کورونا معاملوں کا اندازہ تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ آج صرف 26,000 فعال معاملے ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دہلی میں صرف 5,800 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔ پچھلے ہفتے کے مقابلے 400 مریض اسپتالوں میں کم داخل ہوئے ہیں۔ اگر مریضوں کی تعداد بڑھتی بھی ہے تو ہم نے 15000بیڈ کا انتطام کرلیا ہے۔


انہوں نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ ابھی لوگ احتیاط برتیں ورنہ حالات پھر پچھلے مہینے جیسے ہوسکتے ہیں۔کیجریوال نے کہا کہ دہلی کی جس خطرناک تصویر کا اندازہ لگایا جا رہا تھا اب حالات ویسے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جانچ میں اتنے پازیٹو مریض نہیں آتے جتنے پہلے آتے تھے۔ وزیراعلی نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں لوگ تیزی سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔

کیجریوال نے کہا ک پہلے خدشہ تھا کہ 30 جون تک دہلی میں ایک لاکھ معاملے ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ فی الحال 87 ہزار کیس ہیں، جن میں سے 58 ہزار ٹھیک ہوگئے۔ دہلی میں کورونا کی وجہ سے اموات کم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ایک وقت میں ایک دن میں سوا سو اموات ہوئی تھیں، اب آدھے کے قریب یعنی ساٹھ کے آس پاس ہیں، اسے اور کم کریں گے۔


کیجریوال نے کہا کہ مرکز کے ساتھ مل کر حکومت نے جانچ کی تعداد بڑھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہم سب کچھ کھول نہیں سکتے۔ ابھی محتاط رہنا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کورونا کیس پھر سے بڑھ جائیں۔ اس لئے ابھی کوششوں میں کمی نہیں رہنی چاہیے۔ وزیراعلی نے سوشل میڈیا پر رائے دینے والوں پر کہا کہ ایسے ماہرین ہیں جو کہتے ہیں کہ دہلی میں کورونا کا پیک آکر جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماہرین پر ابھی توجہ نہ دیں۔ ماسک پہنیں، سماجی دوری رکھیں اور ہاتھ دھوتے رہیں، اس میں چوک نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔