حضرت شیخ سلیم چشتی کے 453ویں سالانہ عرس کا ملک میں امن و امان کی دعا کے ساتھ آغاز

درگاہ کے سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی ’رئیس میاں‘ نے ملک میں اخوت و بھائی چارگی کے ساتھ عالمی اتحاد و اتفاق کی دعا کی۔

<div class="paragraphs"><p>عرس کی رسم ادا کرنے کے بعد دعا کراتے ہوئے سجادہ نشین پیر زادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں</p></div>

عرس کی رسم ادا کرنے کے بعد دعا کراتے ہوئے سجادہ نشین پیر زادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں

user

قومی آوازبیورو

فتح پور سیکری: حضرت پیر زادہ عیاض الدین چشتی عرف رئیس میاں، سجادہ نشیں حضرت شیخ سلیم چشتیؒ، فتح پوری سیکری، آگرہ کی سرپرستی میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے چشم و چراغ اور سلسلہ چشتیہ کے مشہور و معرو ف صوفی حضرت بابا شیخ سلیم چشتی فریدی رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ 453واں عرس مبارک کا آج قدیمی رسم ورواج کے ساتھ باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر ہر مذہب کے ہزاروں کی تعداد میں مریدین ومعتقدین نے شرکت کی۔

درگاہ کے سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی ’رئیس میاں‘ نے کہا کہ بادشاہ اکبر نے جب اولاد کے لئے دعا کرائی جس کے بعد شہزادہ سلیم کی پیدائش ہوئی۔ جب سے اس بارگاہ پر ہر مذہب و ملت کے بے اولاد عقیدتمند یہاں اولاد کی مراد لے کر آتے ہیں۔


سجادہ نشین کے جانشین ارشد عظیم فریدی نے عرس کی تفصیلات کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ عرس کا باضابطہ آغاز آج، یعنی 20 رمضان المبارک مطابق 12 اپریل بعد نماز فجر غسل مزار شریف حضرت شیخ سلیم چشتی سے ہوا۔ بعد نماز ظہر تا عصر چلہ گاہ حضرت سلیم چشتی موسومہ ’منڈف‘ میں حضور عالمؐ کے قدم مبارک، حضرت پیران پیر دستگیر حضور غوث پاک کا خرقہ مبارک، حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کا پٹکہ شریف، حضرت شیخ کی کلاہ مبارک و قلمی شبیہہ کی زیارت حضرت سجادہ کے دست مبارک سے کرائی گئی۔

ارشد عظیم فریدی نے مزید بتایا کہ 21 تا 28 رمضان المبارک بمطابق 13اپریل تا 20 اپریل کو بعد نماز عشاء محفل میلاد شریف کا انعقاد کیا جائے گا، 25 رمضان المبارک بمطابق 17 اپریل بروز جمعرات تراویح میں تقریب مکمل قرآن کریم اور محفل نعت پاک، صلوٰۃ وسلام اور دعا کی جائے گی، جس میں ممتاز نعت گو بارگاہِ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے، 29 رمضان المبارک بمطابق 21 اپریل بروز جمعہ مریدین و عقیدت مندان کی موجودگی میں مزار شریف حضرت شیخ سلیم چشتیؒ پر قل شریف کے بعد عرس کا اختتام ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔