’بنگال کی جنگ چھوڑ کر کورونا کو تھوڑا وقت دینے کے لئے شکریہ!‘ چدمبرم کا مودی پر طنز

بنگال میں لگاتار انتخابی تشہیر کر رہے وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز کورونا وائرس کے تعلق سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا تھا، کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے اسی پر طنز کیا ہے

پی چدمبرم، تصویر آئی این ایس
پی چدمبرم، تصویر آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بنگال میں لگاتار انتخابی تشہیر کر رہے وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز کورونا وائرس کے تعلق سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا تھا، کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے اسی پر طنز کیا ہے۔ چدمبرم نے ملک کی طبی خدمات کی صورت حال کے حوالہ سے وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کے دعووں پر سوال اٹھائے ہیں۔

پی چدمبرم نے ٹوئٹ کیا، ’نو ویکسین‘ کا بورڈ بیشتر اسپتالوں کے دروازے پر لٹک رہا ہے، مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کا دعویٰ ہے کہ ٹیکوں کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں۔ وزیر پر یقین کریں تو ویکسین، آکسیجن، ریمڈیسیور، اسپتال کے بیڈ، ڈاکٹروں اور نرسوں کی کمی نہیں ہے۔ صرف مریضوں کی کمی ہے۔‘ انہوں نے لکھا، ’’کووڈ کے لئے تھوڑا وقت دینے کے لئے پی ایم مودی کا شکریہ جو مغربی بنگال میں فوری جنگ جیت کر بی جے پی کا سامراج قائم کرنے میں مصروف ہیں۔‘‘


خیال رہے کہ ملک میں ہر روز قائم ہو رہے کورونا کے نئے ریکارڈ کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم مودی نے وینٹی لیٹرز، آکسیجن اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے اس دوران کہا تھا کہ ’’ہندوستان نے گزشتہ سال متحد ہو کر کورونا کی وبا کو ہرا دیا تھا اور اس بار بھی یہ ہار سکتی ہے لیکن اس کے لئے انہی نظریات پر عمل کرنا ہوگا اور باہمی تال میل پیدا کرنا ہوگا۔‘‘

وہیں، مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سنگھ نے بھی گزشتہ روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 11 ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ کورونا وائرس کی صورت حال کا جائزہ لیا تھا۔ اس دران انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کئی ریاستوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر خاطر خواہ تعداد میں وینٹی لیٹر کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔