چوکیدار کو ہٹانے کے لئے تھانیدار تیار، کولکاتا کے اجلاس کا پیغام

کولکاتا کے بریگیڈ میدان سے حزب اختلاف کے رہنماؤ ں نے چوکیدار کو ہٹانے کے لئے سب سے متحد ہونے کی اپیل کی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا کے بریگیڈ میدان پر عوامی سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے تمام رہنماؤں نے مرکز سے مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے پر زور دیا ۔سبھی رہنماؤں نے ایک آواز میں کہا کہ ملک بہت نازک دور سے گزر رہا ہے اور اس نازک دور میں سب کو متحد ہو کر ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے اپنے اختلافات کو نظر انداز کرنا ہوگا۔حزب اختلاف کی تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے جہاں ملک کو درپیش مسائل کی جانب روشنی ڈالی ، وہیں بی جے پی کی اس بات کا بھی جواب دیا کہ کون اس اتحاد کی قیادت کرے گا؟۔

آر جے ڈی کے رہنما اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے کولکاتا میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی قیادت میں منعقد ہوئے ’یونائٹیڈ انڈیا (متحدہ ہندوستان) اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم اگر چوکیدار ہیں تو عوام تھانیدار ہے ‘‘ ۔ نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ نریندر مودی جھوٹ کی صرف فیکٹری ہی نہیں ہیں بلکہ وہ اس کے مینوفیکچرر سے لے کر ڈسٹری بیوٹر تک خود ہی ہیں ، وہ اپنے ایک جھوٹ کے ساتھ دس جھوٹ مفت میں دے دیتے ہیں‘‘۔

چوکیدار کو ہٹانے کے لئے تھانیدار تیار، کولکاتا  کے اجلاس کا پیغام

لاکھوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ جو لوگ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مخلوط حکومت کے دور میں ترقی نہیں ہوتی تو ان کو ہمارے دور کو سامنے رکھنا چاہیے جب مخلوط حکومت نے عوام کے لئے بہت بڑے بڑے کام کیے ۔ انہوں نے کہا ’’مستحکم حکومت کا پیغام عوام کو دینا ہے‘‘۔

اس موقع پرممتا بنرجی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کا وقت آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا مودی حکومت کی ایکس پائری تاریخ ختم ہو گئی ہے اور اب ان کو ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا مودی نے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف سی بی آئی کا غلط استعمال کیا۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں حز ب اختلاف کے رہنما ملکارجن کھڑگے نے یو پی اے چیر پرسن سونیا گاندھی کا پیغام پڑھا ۔ سونیا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ملک بہت سخت دور سے گزر رہا ہے اور عوام پریشان ہیں ، آنے والے انتخابات ،عام انتخابات کی طرح نہیں ہیں بلکہ یہ انتخابات بہت اہم ہوں گے کیونکہ ان انتخابات میں جمہوریت کو بچانا ہے‘‘۔ اتحاد پر زور دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما کھڑگے نے کہا ’’دل ملے یا نہ ملے ہاتھ ملاتے رہیے‘‘۔

اس موقع پر جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبدللہ نے کہا ’’ ایک شخص کو نکالنے کی بات نہیں ہے بلکہ پورے ملک کو بچانے کی بات ہے۔ آج لوگوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے ،پورے ملک میں آگ لگائی جا رہی ہے، اس لڑائی کے لئے پہلے رہنماؤں کا متحد ہونا ضروری ہے ، پھر عوام کو متحد ہونا ہے اور ملک کو بچانے کے لئے سبھی کو قربانی دینی ہیں‘‘ ۔ جموں و کشمیر کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر کو آج بی جے پی نے بہت خراب حالات میں پہنچا دیا ہے ، میں مسلمان ضرور ہوں لیکن میں ہندوستان کا ایک حصہ ہوں‘‘۔ انہوں نے ای وی ایم کے تعلق سے کہا ’’ ای وی ایم چور مشین ہے‘‘۔

چوکیدار کو ہٹانے کے لئے تھانیدار تیار، کولکاتا  کے اجلاس کا پیغام

مودی حکومت سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے کہا’’ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے ، حکومت اعداد و شمار سے چھیڑ چھاڑ کرکے اچھی تصویر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے ‘‘ انہوں نے کہا آج حب الوطنی کی تعریف ہی بدل گئی ہے ’’ چاپلوسی کرنا حب الوطنی ہے اور اختلاف رائے رکھنا غداری‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ مودی نے سب کا ساتھ تو لیا لیکن سب کا وکاس نہیں بلکہ ناش کیا‘‘۔

اٹل بہاری واجپئی کی کابینہ میں وزیر رہے ارون شوری نے کہا ’’اس میں دو رائے نہیں کہ اس حکومت کو باہر تو نکالنا ہی ہےکیونکہ اس نے سب سے زیادہ جھوٹ بولا ہے ، اداروں کو ختم کیا ہے ، دفاع کو نظر انداز کیا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ رافیل کے برابر آج تک کوئی گھوٹالہ نہیں ہوا ‘‘۔

بی ایس پی کے سینئر رہنما ستیش مشرا نے کہا ’’اس حکومت نے لوگوں کو بہت بے وقوف بنایا اور عوام کے ہر طبقہ کو تکلیف میں ڈالا اس لئے ان کو ہٹانا ہے اور بابا صاحب کے آئین کو بچانا ہے ‘‘۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا’’ ملک میں نیا وزیر اعظم آئے تو عوام کے لئے خوشی کے دن آئیں کیونکہ انہوں نے سماج میں نفرت پھیلائی‘۔ بی جے پی کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے اکھلیش نے کہا ’’ہمارے پاس تو بہت سارے دولہے ہیں لیکن آپ کے پاس ایک کے علاوہ کون سا دوسرا نام ہے ‘‘۔ اکھلیش نے کہا ’’آپ نے سی بی آئی سے اتحاد کیا ہو ا ہے اور ہم نے عوام سے اتحاد کیا ہے‘‘۔

چوکیدار کو ہٹانے کے لئے تھانیدار تیار، کولکاتا  کے اجلاس کا پیغام

اس موقع پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ’’ مودی اور شاہ کی جوڑی نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے ، ملک کو تباہ و برباد کر دیا ہے ، ملک کے عوام اس جوڑی سے پریشان ہیں، جو 70سال میں پاکستان نہیں کر پایا وہ اس جوڑی نے کر دیا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ’’ امت شاہ کا یہ بیان کہ بی جے پی 2050تک رہے گی اس بات کا عکاس ہے کہ وہ اس مرتبہ اقتدار میں آ گئے تو پھر انتخابات نہیں ہونے دیں گے اور کچھ ایسا ہی ہٹلر نے کیا تھا اس لئے 2019 کا چناؤ وزیر اعظم بنانے کا نہیں ہے بلکہ مودی اور شاہ کو بھگانے کا چناؤ ہے‘‘۔

متحدہ ہندوستان کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائڈو نے کہا ’’ ہندوستان بچاؤ ، جمہوریت بچاؤ، یہ وزیر اعظم تشہیر کرنے والا وزیر اعظم ہے‘‘۔ انہوں نے کہا رافیل پر اس حکومت نے ملک کو نقصان پہنچایا ‘‘۔ انہوں یہ بھی کہا کہ ای وی ایم ایک بڑا فراڈ ہے۔

این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ’’ آئینی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں ، حکومت نے جتنے بھی قدم اٹھائے ہیں ان سے کسان اور عوام پریشان ہوئے ہیں ، جن لوگوں نے ایسے حالات پیدا کیے ہیں ان کو اقتدار سے ہٹانے کی ضرورت ہے‘‘۔

چوکیدار کو ہٹانے کے لئے تھانیدار تیار، کولکاتا  کے اجلاس کا پیغام

بہاری بابو شترو گھن سنہا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ملک کو بچانے اور آگے بڑھانے کے لئے اور نیا ملک بنانے کے لئے ہم سب جمع ہوئے ہیں ، ملک کا موڈ اور بنگال کا موڈ ایک سا ہے ،سب بدلاؤ کے موڈ میں ہیں ‘‘ ۔ اپنے تعلق سے انہوں نے کہا ’’ میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے پہلے بھارت کی جنتا کا ہوں‘‘ انہوں نے کہا ’’اٹل کے زمانہ میں لوک شاہی تھی اب تانا شاہی ہے ، واقعی چوکیدار چور ہے ، انہوں نے کہا کہ رافیل پر تین سوالوں کے جواب دے دیں کہ تعداد کیوں کم کی گئی ، قیمت کیوں بڑھائی گئی اور ایچ اے ایل سے کانٹریکٹ کیوں چھینا گیا اور جب تک اس کے جواب نہیں ملیں گے جب تک یہی کہا جائے گا کہ چوکیدار چور ہے چوکیدار چور ہے‘‘۔

متحدہ ہندوستان میں چندرا بابو نائڈو، ایم کے اسٹالن، ایچ ڈی کماراسوامی، ایچ ڈی دیوے گوڑا ، شرد پوار ، فاروق عبد اللہ ، اکھلیش یادو ، اروند کیجریوال ، پرفل پٹیل،بدر الدین اجمل ، شرد یادو،تیجسوی یادو ، عمر عبد اللہ ، ستیش مشرا ، اجیت سنگھ، جینت چودھری، ملکارجن کھڑگے، ابھیشیک منو سنگھوی ، شرد یادو، ہاردک پٹیل، جگنیش میوانی اور ہیمنت سورین وغیرہ شامل ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔