ٹھاکرے برادران نے ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخاب کے لیے جاری کیا ’منشور‘

ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ ’’منموہن سنگھ نے ممبئی کو اقتصادی مرکز بنایا تھا۔ انہیں ممبئی سے بہت پیار تھا، لیکن جب بی جے پی کی حکومت آئی تو انہوں نے اسے ممبئی سے چھین کر گجرات کو دے دیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے اتوار (4 جنوری) کو شیوسینا بھون میں ممبئی نگر نگم انتخاب کے لیے اپنے منشور کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے شیوسینا، ایم این ایس اور شرد پوار راشٹروادی کانگریس کی جانب سے ’شیو شکتی کی پرتگیہ‘ کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے حکمراں جماعت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ ان کے منشور میں خواتین کے  لیے ایک اہم اعلان شامل ہے، اس کے تحت خواتین کو روزگار ملے گا اور انہیں 1500 روپے فی ماہ دیے جائیں گے۔

ادھو ٹھاکرے نے الزام عائد کیا کہ منموہن سنگھ نے ممبئی کو اقتصادی مرکز بنایا تھا۔ انہیں ممبئی سے بہت پیار تھا، لیکن جب بی جے پی کی حکومت آئی تو انہوں نے اسے ممبئی سے چھین کر گجرات کو دے دیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ممبئی میں ایک نیا اقتصادی مرکز بنایا جائے گا۔


آئیے ذیل میں جانتے ہیں کہ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے منشور میں عوام سے کیا کیا وعدے کیے؟

  1. گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی خواتین کی رجسٹریشن کرانے پر، رجسٹرڈ خواتین کو ہر ماہ 1500 روپے ’سوابھیمان ندھی‘ فراہم کی جائے گی۔

  2. صرف 10 روپے میں پیٹ بھر کر کھانا اور ناشتہ ملے گا۔

  3. ملازمت پیشہ والدین اور خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ’ڈے کیئر سینٹر‘ بنائے جائیں گے۔

  4. جانوروں کے لیے اسپتال کھولا جائے گا۔

  5. بالا صاحب ٹھاکرے ’سیلف ایمپلائمنٹ فنانس اسکیم‘ شروع کی جائے گی۔ اس روزگار اسکیم کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو 25 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا سیلف ایمپلائمنٹ فنڈ دیا جائے گا۔ 25 ہزار گِگ ورکرز اور ڈبہ والوں کو ای-بائیک کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

  6. ممبئی میونسپل کارپوریشن میں تمام ضروری خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے گا۔

  7. ہر وارڈ میں بزرگ شہریوں (دادا-دادی) کے لیے کھیل کے میدان بنائے جائیں گے۔

  8. 700 مربع فٹ تک کے رقبے پر پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔

  9.  کچرا ٹیکس مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

  10. میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کو بلڈرز کے ہاتھوں میں نہیں جانے دیا جائے گا۔

  11. دسویں جماعت کے بعد، جونیئر کالج سے لے کر بارہویں جماعت تک کی تعلیم میونسپل اسکولوں میں ہی فراہم کی جائے گی۔

  12. ممبئی کے سرکاری اسکولوں کے معیار میں انقلابی بہتری لائی جائے گی۔

  13. ’مراٹھی اسکول اسپیکس مراٹھی‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل مہم شروع کی جائے گی، جو ہنسی اور کھیل کے ذریعے مراٹھی سکھاتی ہے۔

  14. ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعے بابا صاحب امبیڈکر کے نام پر شہر کی سب سے بڑی لائبریری تعمیر کی جائے گی۔

  15. ممبئی میں 5 میڈیکل کالج اور اسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔

  16. ریپڈ بائیک میڈیکل اسسٹنٹ ایمبولینس سروس کی سہولت دستیاب ہوگی۔

  17. اعلیٰ معیار کی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور ٹھیکیدار سے سڑک کی 15 سال کی وارنٹی لی جائے گی۔

  18. سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

  19. پانی کی قیمت کو مستحکم رکھ کر ممبئی والوں کو پانی دستیاب کرایا جائے گا۔

  20. خواتین اور طلبہ کے لیے خصوصی ’بیسٹ‘ بسوں میں مفت سفر کی سہولت ہوگی۔ بیسٹ بس ٹکٹوں کی قیمت 5، 10، 15، اور 20 روپے ہوگی۔ بیسٹ کے بیڑے میں 10000 الیکٹرک بسیں اور 900 الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں شامل کی جائیں گی۔

  21. میونسپل کارپوریشن کی پارکنگ میں شہریوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت ہوگی۔

  22. ہر وارڈ میں مِنی اسپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے۔

  23. ممبئی میں نالوں کی صفائی کا کام 12 مہینے تک جاری رہے گا۔

  24. ممبئی کے شہریوں کو 100 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔