بی ایم سی انتخاب سے قبل 20 سال بعد ساتھ آئے ’ٹھاکرے برادران‘، شیو سینا یو بی ٹی اور منسے کے درمیان اتحاد کا اعلان
ٹھاکرے بھائیوں کے ایک ساتھ آنے کا اعلان بالا صاحب ٹھاکرے کے پوسٹر تلے کیا گیا۔ اس پوسٹر میں نہ تو ادھو ٹھاکرے کی تصویر نظر آئی اور نہ ہی راج ٹھاکرے کی۔

مہاراشٹر میں بالا صاحب ٹھاکرے کی شیو سینا ایک بار پھر مضبوط ہوتی نظر آ رہی ہے۔ بال ٹھاکرے کی وراثت سنبھالنے والے ان کے بیٹے ادھو ٹھاکرے اور بھتیجے راج ٹھاکرے تقریباً 20 سال بعد پھر سے ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) 2026 سے قبل شیو سینا یو بی ٹی اور مہاراشٹر نونرمان سینا نے اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا انتظار دونوں پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان کافی طویل عرصہ سے کر رہے تھے۔
ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے نے شیوتیرتھ پر ایک ساتھ پریس کانفرنس کر اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کے لیڈران کا خیال ہے کہ اس کے ساتھ ہی ایک تاریخی باب کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ اتحاد انتہائی جذباتی ہے، کیونکہ بہت سے کارکنان ایسے ہیں، جن کی عمر 90-80 سال ہے۔ وہ لوگ بالا صاحب ٹھاکرے کے زمانے سے ہی شیو سینا کے حامی رہے ہیں۔ اس اتحاد کو دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آنا تو طے ہے۔
خاص بات یہ رہی کہ ٹھاکرے بھائیوں کے ایک ساتھ آنے کا اعلان بال ٹھاکرے کے پوسٹر تلے کیا گیا۔ اس پوسٹر میں نہ تو ادھو ٹھاکرے کی تصویر نظر آئی اور نہ ہی راج ٹھاکرے کی۔ دونوں پارٹیوں کے انتخابی نشانات کے ساتھ صرف بالاصاحب ٹھاکرے کا چہرہ ہی دکھایا گیا۔
واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے اتحاد کے ساتھ شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر نے خواہش ظاہر کی کہ کانگریس بھی ان کے ساتھ آئے اور شرد پوار بھی ان کے ساتھ رہیں۔ سنجے راوت نے کہا کہ ’’اتحاد یا عظیم اتحاد میں ہر بار من چاہی چیز نہیں ملتی۔ شخصیات کی محبت میں پڑے بغیر نشستوں کی تقسیم کرنی ہوتی ہے۔ جو جیت سکتا ہے اسے نشست ملے، اسی بنیاد پر نشستوں کی تقسیم طے کی جانی چاہیے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔