دہلی میں دوگنی ہوگی ٹیسٹوں کی تعداد، کورونا کیسز میں اضافہ کے بعد کیجریوال کا اعلان

دہلی میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ یومیہ ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد کو دوگنا کیا جائے گا

اروند کیجریوال
اروند کیجریوال
user

عمران

نئی دہلی: دہلی میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کے مقابلہ نئے کیسز اور فعال معاملات میں اضافہ ہونے کے سبب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال حرکت میں آ گئے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ راجدھانی دہلی میں ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد کو بڑھا کر دوگنا کیا جائے گا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔

اروند کیجروال نے کہا کہ ابھی روزانہ 20 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، آئندہ ایک ہفتے میں 40 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں دہلی میں کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کیسوں میں تھوڑا سا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ 17 اگست کے بعد سے 1200 سے 1400 کے قریب نئے کیس درج کیے جا رہے ہیں، لیکن گزشتہ شام یہاں 1544 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ آج شام جاری ہونے والی اس رپورٹ میں 1693 نئے کیس سامنے آئیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہا جا سکتا کہ کورونا کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔


دہلی میں باہر سے آنے والے مریضوں کی تعداد بتاتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے اسپتالوں میں 2900 مریض دہلی کے ہیں جبکہ 800 مریض باہر کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی صورتحال قابو میں ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق دہلی میں کل 14130 بستر ہیں جن میں سے 10448 خالی ہیں۔ اس کے علاوہ ایمبولینسیں بھی کافی ہیں۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ لوگوں کے لئے پلس آکسیمٹر کا انتظام کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ان کے گھر پر آکسیجن کا بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 14 جولائی کے بعد دہلی میں خانگی قرنطینہ میں ایک بھی شخص کی موت نہیں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے واضح کیا کہ ضوابط پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اگر کوئی ماسک پہنے ہوئے نہیں پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔


خیال رہے کہ کل شام جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) 1544 نئے معاملے سامنے آئے جبکہ 1155 مزید مریض صحتیاب ہوئے۔ پیر کے روز 1061 نئے معاملے سامنے آئے جبکہ 1200افراد صحت یاب ہوئے تھے۔ راجدھانی میں مجموعی متاثرین کی تعداد منگل کو بڑھ کر 1.64 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔ اعدادو شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد 1,64,071 پر پہنچ گئی۔ اس دوران کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 1,47,743 ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Aug 2020, 2:28 PM